Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

غیر ملکیوں میں کورونا سے متاثر ہونے کی شرح کم ہونے لگی

وائرس سے متاثر سعودیوں کا تناسب بڑھ کر 45 فیصد تک پہنچ گیا.(فوٹو ٹوئٹر)
سعودی عرب میں مقیم غیرملکیوں میں نئے کورونا وائرس سے متاثرین کی شرح کم ہونے لگی ہے .
وزارت صحت کے بیان کے مطابق تارکین وطن میں کورونا کے نئے کیسز کی شرح  55 فیصد ریکارڈ کی گئی جبکہ اس سے قبل نئے کیسز میں ان کی شرح  82 فیصد کو عبور کر گئی تھی.
سبق ویب سائٹ کے مطابق کورونا وائرس سے متاثر سعودیوں کا تناسب 17 فیصد سے بڑھ کر 45 فیصد تک پہنچ گیا.
غیرملکی ورکرز میں وائرس سے متاثر ہونے کا تناسب گھٹنے کی بڑی وجہ ورکرز کے رہائشی مراکز پر ایکٹیو کورونا ٹیسٹ مہم ہے. سعودی حکام نے احتیاطی صحت تدابیر کے طور پر ورکرز کے کیمپس پہنچ کر کورونا ٹیسٹ مہم بڑے  پیمانے پر چلائی ہے.
 وزارت بلدیات و دیہی امور نے ملک کے تمام 13صوبوں کے گورنریٹس کے تعاون سے غیرملکی ورکرز کے لیے ایسی رہائش کا بندوبست کرایا جہاں سماجی فاصلے کا اصول موثر تھا.
 رہائشی مراکز سے ورکرز کی بھیڑ بھاڑ ختم کرنے کے لیے خصوصی انتطامات کیے گئے. مثلا غیرملکیوں کو ہوٹلوں اور سکولوں میں ٹھہرایا گیا. ان کے لیے رہائشی کیمپ قائم کیے گئے. متعدد عمارتیں کرائے پر حاصل کی گئیں.

 ترجمان کے مطابق سعودی عرب میں نازک کیسز کا تناسب 2 فیصد سے بھی کم ہے(فوٹو ٹوئٹر)

دریں اثنا وزارت صحت کے ترجمان کا بریفنگ میں کہنا تھا دنیا بھر میں کورونا سے متاثرین میں نازک کیسز کا تناسب پانچ سے دس فیصد تک ہے. بیشتر ممالک میں نازک کیسز کا تناسب پانچ فیصد ہے جبکہ کئی ملک ایسے بھی ہیں جہاں تناسب دس فیصد تک کا ہے.
ترجمان کے مطابق سعودی عرب میں نازک کیسز کا تناسب 2 فیصد سے بھی کم ہے یہ صورتحال اطمینان بخش ہے. اچھی بات یہ ہے کہ بچوں میں کورونا وائرس کا ایک بھی نازک کیس نہیں ہے.
وزارت صحت کا کہنا ہے کہ سعودی عرب میں ماہرین کا ایک گروپ چوبیس گھنٹے سعودی عرب کے تمام علاقوں، ہسپتالوں اور ہیلتھ سینٹرز کے منظر نامے پر نظررکھے ہوئے ہے.

شیئر: