Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اسرائیل نے مسجد اقصی کے امام و خطیب کو گرفتار کرلیا

اسرائیلی فوجیوں نے شیخ عکرمہ صبری کے گھر پر دھاوا بولا(فوٹو سوشل میڈیا)
 اسرائیلی افواج نے قبلہ اول مسجد اقصی کے خطیب اور اعلی اسلامی ادارے کے سربراہ شیخ عکرمہ صبری کو جمعے کو ان کے گھر سے گرفتار کرلیا.
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے نے الاسری میڈیا کے حوالے سے بتایا کہ اسرائیلی فوجیوں نے جمعے کو مقبوضہ بیت المقدس میں واقع شیخ عکرمہ صبری کے گھر پر دھاوا بولا اور انہیں گرفتارکرکے لے گئی.
القدس نیٹ کے مطابق شیخ عکرمہ صبری کی اہلیہ نائیلہ صبری نے بتایا کہ’ آج اچانک اسرائیلی سی آئی ڈی کے کئی افسران اور پولیس اہلکار گھر میں گھس آئے. انہوں نے شیخ عکرمہ کی حیثیت اور عمر کا لحاظ کیے بغیرانہیں گرفتار کرنے کے لیے عام لباس پہننے کا حکم دیا‘.
نائیلہ صبری کا کہنا تھا کہ’ دو ہفتے قبل بھی اسرائیلی  پولیس اہلکاروں نے ہمارے گھر پر دھاوا بولا تھا. اسرائیلی افسران نے دھمکی دی تھی کہ مسجد اقصی سے متعلق کوئی بھی بیان دیں گے اس پر ان کی گرفت ہوگی‘.

رفتاری مسجد اقصی کے دروازے نمازیوں کے لیے کھولنے پر کی گئی ہے.(فوٹو سوشل میڈیا)

اسرائیلی افسر نے مسجد اقصی نمازیوں کے لیے کھولنے کا بیان دینے سے منع کرتے ہوئے دھمکی دی تھی کہ آئندہ وہ مسجد اقصی کا نظارہ صرف تصاویر کے ذریعے ہی کرسکیں گے. انہیں مسجد اقصی سے دور کردیاجائے گا.
القدس نیٹ کے ذرائع کا کہناہے کہ شیخ عکرمہ صبری کی گرفتاری مسجد اقصی کے دروازے نمازیوں کے لیے کھولنے کی بنا پر کی گئی ہے.
یاد رہے کہ الامارات الیوم نے 27 مئی کو بیت المقدس میں ادارہ اسلامی اوقاف کے حوالے سے بتاایا تھا کہ کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے مقرر حفاظتی اقدامات کے ساتھ اتوار 31 مئی سے مسجد اقصی کے دروازے نمازیوں کے لیے کھول دیے جائیں گے.
کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے اور نمازیوں کو مہلک وائرس سے بچانے کے لیے مسجد اقصی بند کردی گئی تھی.
 القدس میں مسجد اقصی کے ڈائریکٹر شیخ عمر القسوانی نے بتایا کہ مسجد اقصی کے دروازے اتوار کو فجر کے وقت نمازیوں کے لیے کھول دیے جائیں گے.کورونا کے باعث مسجد دو مہینے سے بند تھی.
القسوانی نے بتایا کہ نمازیوں کے حوالے سے عمر کی کوئی پابندی نہیں لگائی گئی ہے البتہ تمام نمازیوں کو حفاظتی تدابیر کی پابندی کرنا ہوگی.
ادارہ اوقاف نے واضح کیا ہے کہ مسجد اقصی میں حاضری کے حوالے سے نمازیوں کی تعداد اور ان کے شناختی کارڈ  دیکھنے کی کوئی پابندی نہیں.
القدس کے ادارہ اوقاف نے 23 مارچ کو مذہبی قیادت اور صحت حکام کی سفارش پر مسجد اقصی نمازیوں کے لیے بند کرنے کا فیصلہ کیا تھا.
تب سے اب تک مسجد اقصی میں صرف سیکیورٹی گارڈزاور ادارہ اوقاف کے اہلکار ہی نماز ادا کررہے تھے جبکہ اذان اور جماعت کے ساتھ نماز کی منظر کشی انٹرنیٹ کے ذریعے کی جارہی تھی.

شیئر: