Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

داخلی پروازیں بحال، ٹکٹ صرف آن لائن ملیں گے

 سعودی عرب میں ریاض اور جدہ سمیت 13 ہوائی اڈوں سے اتوار 31 مئی  سے داخلی پروازیں بحال ہوگئیں.
جدہ کے نئے کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے ٹرمینل ون سے سعودی عریبین ایئرلائنز السعودیہ، ناس اور ادیل نے پروازوں کا آغاز کیا ہے.
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق  ہفتے کو وزیر نقل و حمل انجینیئر صالح بن ناصر الجاسر نے جدہ کے نئے کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا دورہ کرکے انتظامات کا جائزہ لیا تھا. جلد ہی سعودی عرب کے تمام ہوائی اڈوں سے داخلی پروازوں کا سلسلہ بحال ہوجائے گا.

تمام ہوائی اڈوں سے داخلی پروازوں کا سلسلہ جلد بحال ہوجائے گا.(فوٹو ایس پی اے)

جنرل اتھارٹی آف سول ایوی ایشن (جی اے سی اے) نے مسافروں کو خبردار کیا ہے کہ ایسا کوئی بھی شخص جس کا درجہ حرارت 38 سے  زیادہ ہوگا اسے سفر کی اجازت نہیں دی جائے گی.  یہ پابندی سعودی عرب کے صحت حکام نے نئے کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے مقرر حفاظتی تدابیر کے تحت لگائی ہے.
(جی اے سی اے)  کے مطابق داخلی پروازوں کے ٹکٹ صرف آن لائن ہی فراہم ہوں گے. صرف مسافر ہی ائیر پورٹ جاسکیں گے. معذوروں اور بوڑھوں کے ہمراہی اس سے مستثنی ہوں گے.
ایئرپورٹ پر ہر مسافر کا درجہ حرارت چیک کیا جائے گا. ہر مسافر کو حفاظتی ماسک پہننا ہوگا.  سفر کے دوران بھی اس کی پابندی کرنا ہوگی- طیارے سے اترتے وقت بھی ماسک پہننا ہوگا. ماسک نہ پہننے والوں کو سفر کی اجازت نہیں دی جائے گی.
طیارے پر جاتے وقت ایک مسافر سے دوسرے مسافر کے درمیان دو میٹر کا فاصلہ رکھنا ہوگا.

مسافروں سے کہا گیا ہے کہ وہ پروازسے دو گھنٹے قبل ایئرپورٹ پہنچ جائیں.(فوٹو ایس پی اے)

ایئرپورٹ بسوں میں بھی یہ فاصلہ برقرار رکھا جائے گا. مسافروں کو طیارے میں نجی سامان کا صرف ایک بیگ لے جانے کی اجازت ہوگی. کورونا کے کسی بھی مریض کو داخلی پرواز سے سفر کی اجازت نہیں ہوگی.
مسافروں سے کہا گیا ہے کہ وہ پروازسے دو گھنٹے قبل ایئرپورٹ پہنچ جائیں.
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق کنگ فہد انٹرنیشنل ایئرپورٹ دمام پر بالائے بنفشی شعاعوں سے کام کرنے والے سو سے زیادہ سینیٹائزر اور کورونا وائرس کا ٹیسٹ کرنے والے تھرمل کیمرے نصب کردیے گئے ہیں.
واضح رہے کہ سعودی عرب میں 21 مارچ سے اندرون ملک پروازوں پرکورونا وائرس کی وجہ سے احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے پابندی عائد کر دی گئی تھی جو اب تقریباً ڈھائی ماہ بعد کھولی گئی ہیں۔ 

شیئر: