Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

داخلی پروازوں کی بحالی کے لیے انتظامات مکمل

ایئرپورٹ پر مسافروں کے استقبال کے لیے آنے کی اجازت نہیں ہوگی (فوٹو: عرب نیوز)
 سعودی عرب میں دو ماہ سے زائد جاری سفری پابندیوں کے بعد اتوار کی صبح سے داخلی پروازوں کا آغاز کیا جا رہا ہے.
سعودی وزیر ٹرانسپورٹ نے جدہ ایئرپورٹ کے ٹرمینل ون پر مسافروں کے خیرمقدم کے لیے کیے جانے والے انتظامات کا جائزہ لیا.
عرب نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے سعودی وزیر ٹرانسپورٹ نے بتایا کہ ’ سو کے قریب پروازیں چلائی جائیں گی اور چیزیں جلد معمول پر آجائیں گی‘.
انہوں نے مزید کہا کہ ’کورونا وائرس نے ٹرانسپورٹ کے شعبے کو تقریباً مفلوج کر دیا تھا. سوائے ان خصوصی پروازوں کے جو شہریوں کو دوسرے ملکوں سے واپس لانے کے لیے چلائی گئیں‘.
دوسری جانب سول ایوی ایشن کے ترجمان نے کہا ہے کہ ایئرپورٹ پر مسافروں کو الوداع کہنے یا استقبال کرنے والوں کو آنے کی اجازت نہیں ہوگی.
 ویب نیوز سبق نے ترجمان سول ایوی ایشن کے نجی ٹی وی الاخباریہ کو انٹرویو کے حوالے سے کہا ہے کہ اتوار سے سعودی عرب کے گیارہ ہوائی اڈوں سے اندرون ملک پروازوں کا آغاز کیا جا رہا ہے اور اس مقصد کے لیے تمام احتیاطی تدابیر اختیار کر لی گئی ہیں.
فلائٹ سے قبل مسافروں کو خصوصی ہدایات نامے میں درج ہدایات پر عمل کرنا لازمی ہوگا تاکہ احتیاطی تدابیر پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جا سکے.

سماجی فاصلے کے اصول کے تحت جہاز کی ایک سیٹ خالی چھوڑی جائے گی (فوٹو: عرب نیوز)

ترجمان سول ایوی ایشن کا کہنا تھا کہ جہازوں میں سماجی فاصلے کے اصول کے تحت ایک سیٹ خالی چھوڑی جائے گی تاکہ کورونا سے بچاؤ کو یقینی بنایا جا سکے.
تمام مسافر اس امر کے بھی پابند ہوں گے کہ وہ ماسک اور دستانوں کا استعمال یقینی بنانے کے ساتھ دیگر احتیاطی تدابیر پر بھی عمل کریں جن میں ہاتھوں کو سینیٹائز کرنا اور درجہ حرارت کا معائنہ کروانا شامل ہے.
واضح رہے کہ سعودی عرب میں 21 مارچ سے اندرون ملک پروازوں پرکورونا وائرس کی وجہ سے احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے پابندی عائد کر دی گئی تھی جو اب تقریباً ڈھائی ماہ بعد کھولی جا رہی ہیں۔ اس حوالے سے احتیاطی قواعد و ضوابط پر مبنی اہم ہدایات سول ایوی کی جانب سے جاری کی جا چکی ہیں.
اخبار 24 کے مطابق ترجمان نے کہا کہ جس طرح داخلی پروازوں کی بحالی کا فیصلہ ہوا ہے اسی طرح بین الاقوامی پروازوں کی بحالی کا بھی فیصلہ ہوگا. یہ کام متعلقہ سپیشل کمیٹیاں کریں گی.

مسافروں سے کہا گیا ہے کہ فلائٹ سے 2 گھنٹے قبل ایئرپورٹ پہنچیں (فوٹو: عرب نیوز)

الرؤسا نے الاخباریہ نیوز چینل سے گفتگو میں کہا کہ محکمہ شہری ہوابازی نے داخلی پروازوں سے سفر کرنے والوں کے لیے حفاظتی تدابیر پر مشتمل گائیڈ بک جاری کردی ہے جس کی پابندی کی بدولت مسافر اپنی منزل پر صحت و سلامتی کے ساتھ پہنچ سکیں گے.
جاری قواعد میں کہا ہے کہ ’اندرون ملک فضائی سروس سے سفر کرنے والوں کےلیے لازمی ہے کہ وہ طبی ماسک اور دستانے استعمال کریں،مسافر فلائٹ سے زیادہ سے زیادہ 2 گھنٹے قبل ایئر پورٹ پر پہنچیں‘۔
دستانے اور ماسک دوران پرواز اور جہاز سے اترنے کے بعد بھی استعمال کیے جائیں، ملک کے تمام ہوائی اڈوں پر سینیٹائزر کی فراہمی یقینی بنائی گئی ہے تاکہ مسافر ہاتھوں کو مستقل طور پر سینیٹائز کرسکیں۔
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق کنگ فہد انٹرنیشنل ایئرپورٹ دمام پر بالائے بنفشی شعاعوں سے کام کرنے والے سو سے زیادہ سینیٹائزر اور کورونا وائرس کا ٹیسٹ کرنے والے تھرمل کیمرے نصب کردیے گئے ہیں.

شیئر: