Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جدہ میں حفاظتی تدابیر کی خلاف ورزی پر 265 دکانیں بند

’سماجی فاصلہ نہ رکھنے اور ماسک و سینیٹائز کا اہتمام نہ کرنے پر دکانیں بند کردی گئی ہیں‘ ( فوٹو: سبق)
جدہ میونسپلٹی نے حفاظتی تدابیر کی خلاف ورزی پر متعدد محلوں میں واقع 265 دکانیں سربمہر کر دی ہیں۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق جدہ میونسپلٹی کے سکریٹری انجینئر محمد بن ابراہیم الزہرانی نے کہا ہے کہ ’تفتیشی ٹیموں نے مختلف شاپنگ مالز، مارکیٹوں اور ریٹیل و ہول سیل کی دکانوں کے دورے کیے ہیں جن کے دوران متعدد خلاف ورزیاں پکڑی گئی ہیں‘۔
انہوں نے کہا ہے کہ ’سب سے زیادہ خلاف ورزی یہ کی گئی کہ دکانوں میں کام کرنے والے ملازمین اور گاہکوں کے جسم کا درجہ حرارت ناپنے کا اہتمام نہیں کیا جاتا تھا‘۔
’بعض دکانوں میں سماجی فاصلے کا اہتمام نہیں تھا، دکان میں مقررہ گنجائش سے زیادہ گاہکوں کو آنے کی اجازت تھی، دکانوں میں ماسک اور سینیٹائزکے حوالے سے تساہل برتا جارہا تھا‘۔
’بند کی جانے والی دکانوں میں ریستوران، کیفے ٹیریا کے علاوہ دیگر دکانیں بھی شامل ہیں‘۔
انہوں نے کہا ہے کہ ’کورونا وائرس کے انسداد کے لیے نافذ کیے جانے والے ضابطوں پر سختی سے عملدرآمد کرنا ضروری ہے‘۔
’میونسپلٹی کی ٹیموں کو واضح ہدایت ہے کہ جہاں کہیں خلاف ورزی دیکھیں فوری کارروائی کریں، خلاف ورزی کی نوعیت کے حساب سے کارروائی کی جاتی ہے‘۔

’بند کی جانے والی دکانوں میں ریستوران، کیفے ٹیریا اور ریٹیل و وہول سیل کی دکانیں شامل ہیں‘ ( فوٹو: سبق)

’معمولی خلاف ورزی پر دکان کے مالک کو صرف تنبیہ کرنے پر اکتفا کیا جاتا ہے مگر وہی خلاف ورزی دوبارہ کی گئی تو دکان وقتی طور پر بند کر دی جاتی ہے‘۔
انہوں نے شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں سے اپیل کی ہے کہ ’معاشرے کی سلامتی کے لیے ضوابط پر عمل کریں اور جہاں کہیں خلاف ورزی دیکھیں فوری طور پر مطلع کریں‘۔

شیئر: