Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بحرین ’امن کے راستے‘ پر کاربند ہے: شاہ حمد بن عیسیٰ آل خلیفہ

بحرین، جہاں امریکی بحریہ کا ففتھ فلیٹ تعینات ہے، 28 فروری سے جاری تنازع کے بعد سے ڈرون اور میزائل حملوں کی متعدد لہروں کا نشانہ بن چکا ہے۔ (فوٹو: روئٹرز)
بحرین کے شاہ حمد بن عیسیٰ آل خلیفہ نے کہا ہے کہ بحرین ’امن کے راستے‘ پر کاربند ہے، جبکہ مملکت کو ایران کی جانب سے مسلسل حملوں کا سامنا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق بحرین کے سرکاری خبر رساں ادارے نے بتایا کہ شاہ حمد بن عیسیٰ آل خلیفہ نے یہ بات سپین کے بادشاہ فیلیپ ششم کے ساتھ ٹیلی فونک گفتگو کے دوران کہی۔
انہوں نے کہا کہ بحرین ایسی کوششوں کی حمایت کرتا ہے جو ’خطے اور دنیا میں سلامتی اور استحکام کو فروغ دیں۔‘
’مملکت بحرین کے عوام امن پسند ہیں اور رواداری اور باہمی بقائے باہمی پر یقین رکھتے ہیں۔‘
یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ایران کی جانب سے خلیجی ممالک پر حملوں کا سلسلہ جاری ہے، جو ایران پر امریکہ اور اسرائیل کے حملوں کے ردِعمل میں کیے جا رہے ہیں۔
بحرین، جہاں امریکی بحریہ کا ففتھ فلیٹ تعینات ہے، 28 فروری سے جاری تنازع کے بعد سے ڈرون اور میزائل حملوں کی متعدد لہروں کا نشانہ بن چکا ہے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق سنیچر کی شام بحرین کے دارالحکومت منامہ میں زور دار دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔ بحرین کی وزارت داخلہ نے بتایا کہ ایران کی جانب سے کیے گئے حملوں کے بعد منامہ میں ایک گھر اور اس کے اطراف کی عمارتوں میں آگ لگ گئی اور مالی نقصان ہوا۔
ایران کے پاسدارانِ انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے بحرین کے جُفیر بیس پر تعینات امریکی افواج کو نشانہ بنایا۔
اسی دوران صبح کے وقت بھی بحرین پر حملوں کی ایک اور لہر کی گئی۔

ایران کی جانب سے خلیجی ممالک پر حملوں کا سلسلہ جاری ہے۔ (فوٹو: روئٹرز)

متحدہ عرب امارات نے بتایا کہ سنیچر کی صبح اس کے فضائی دفاعی نظام نے 15 میزائل اور 119 ڈرون تباہ کر دیے، جبکہ ان حملوں کے باعث دبئی اور ابوظبی میں پروازوں میں خلل پڑا۔
قطر نے بھی سنیچر کو کہا کہ اس نے ایک میزائل کو فضا میں ہی تباہ کر دیا۔ اس سے کچھ دیر قبل اے ایف پی کے صحافیوں نے دوحہ کے وسطی علاقوں میں دھماکوں اور سائرن کی آوازیں سنی تھیں۔
قطر کی وزارت دفاع کے مطابق مسلح افواج نے ’ریاستِ قطر کو نشانہ بنانے والے میزائل حملے کو ناکام بنا دیا۔‘

 

شیئر: