Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ریاض : سفارتخانے کی پاکستانیوں کو مکمل تعاون کی یقین دہانی

سفارتخانے میں 50 سے زائد افراد کو بیک وقت داخلے کی اجازت نہیں (فوٹو عرب نیوز)
ریاض میں پاکستانی سفارتخانے کی جانب سے ڈپلومیٹک کوارٹر کے باہر موجود پاکستانی شہریوں کو  پاسپورٹ اور دیگر قونصلر معاملات میں ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔
عرب نیوز کے مطابق سعودی عرب میں متعین پاکستانی سفیر راجہ علی اعجاز نے ڈپلومیٹک کوارٹر کے باہر موجود پاکستانیوں کی بڑی تعداد سے خطاب کیاہے۔ انہوں نے سفارتخانے پہنچنے والے پاکستانیوں سے اپیل کی ہے کہ سعودی حکومت کی جانب سے کورونا وائرس سےمتعلق تمام حفاظتی اقدامات کی مکمل پاسداری کریں۔

کورونا وائرس سےمتعلق تمام حفاظتی اقدامات کی مکمل پاسداری کریں(فوٹو عرب نیوز)

اس موقع پر سفیر نے عرب نیوز کو بتایا ہے 'پاکستانیوں کی بڑی تعداد قونصلر خدمات اور خصوصی طور پر وطن واپسی کے لیے ٹکٹوں کی خریداری کی وجہ سے سفارتخانے پہنچنا چاہتی ہے۔
پاکستانی شہریوں کی وطن واپسی کے لیے خصوصی پروازیں پاکستان کے مختلف شہروں کے لیے چلا جا رہی ہیں۔'
راجہ علی اعجاز نے بتایا ہے کہ  کورونا وائرس کے پھیلاؤ کی روک تھام کے سبب لگائی گئی پابندیوں کی وجہ سے ڈپلومیٹک کوارٹر میں موجود پاکستانی سفارتخانے میں 50 سے زائد افراد کو ایک ہی وقت میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی جا رہی۔

پاکستانیوں کی بڑی تعداد وطن واپسی کے لیے ٹکٹوں کی خریداری کی وجہ سے سفارتخانے پہنچی ہے(فوٹو ٹوئٹر)

پاکستانیوں کی کثیر تعداد قونصلر خدمات اور پی آئی اے کی خصوصی پروازوں کے ذریعے پاکستان واپسی کے سلسلے میں سفارتخانے سے رابطہ کرنے کے لیے یہاں پہنچتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کورونا وائرس کے باعث تقریبا تین ماہ کے لاک ڈاؤن کے بعد پاکستانیوں کی بڑی تعداد سفارتخانے سے پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز (پی آئی اے) کے ٹکٹ حاصل کرنے اور قونصلر خدمات  کے لیے موجود ہے۔ ان سب کے لیے ہفتے میں پانچ دن خدمات کا سلسلہ دوبارہ شروع کر دیا گیا ہے۔

ریاض سے 14 خصوصی پروازوں کے ذریعے 2 ہزار 494 مسافروں کی وطن واپسی(فوٹو سوشل میڈیا)

سفیر نے بتایا کہ وطن واپسی کے لیے پی آئی اے کی دو مزید خصوصی پروازیں بڑھائی گئی ہیں، ہر ایک میں 140 مسافر سوار تھے جو  گذشتہ روز ریاض سے ملتان کے لئے روانہ ہوئے۔
سفارتخانہ ریاض کی جانب سے اب تک 14 خصوصی پروازوں کے ذریعے 2 ہزار 494 مسافروں کی وطن واپسی کو ممکن بنایا گیا ہے۔
واضح رہے کہ حکومت پاکستان نے سعودی عرب سمیت دیگر ممالک میں  کورونا وائرس کے بعد سے پھنس جانے والے  پاکستانیوں کی وطن واپسی کے لیے خصوصی پروازوں کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے۔
سعودی عرب سے خصوصی پروازیں ریاض میں سفارتخانہ اور جدہ میں پاکستانی قونصل خانہ کے ذریعہ مسافروں کو مرحلہ وار پاکستان پہنچا رہی ہیں۔
سفارت خانے نے بتایا کہ وطن واپسی کے عمل میں تیزی لانے کے لیے سعودی عرب سے پاکستان کے لیے خصوصی پروازوں کی تعداد میں اضافہ بھی کیا گیا ہے۔ دمام سے بھی خصوصی پروازیں چلائی گئی ہیں۔
وزیراعظم عمران خان کی ہدایات کے مطابق وزارت خارجہ کی زیرنگرانی وطن واپس جانے والے ہزاروں خواہشمند پاکستانیوں کی جلد وطن واپسی مکمل ہونے تک تمام تر کوششیں جاری رہیں گی۔

شیئر: