Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مظفرآباد کے نواحی علاقوں میں شدید بارش کے باعث کم از کم سات افراد ہلاک

پاکستان کے زیرانتظام کشمیر میں متعدد سڑکیں لینڈ سلائیڈنگ کے باعث بن ہو گئی ہیں (فائل فوٹو: پی ٹی وی)
پاکستان کے زیرانتظام کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد کے نواحی علاقوں میں شدید بارش کے بعد برساتی ندیوں کی طغیانی اور لینڈسلائیڈنگ کے باعث کم از کم سات افراد ہلاک ہو گئے ہیں جبکہ متعدد مکانات اور دکانیں بھی تباہ ہوئی ہیں۔
جمعرات کو مظفرآباد کی تحصیل پٹہکہ نصیرآباد کے علاقے سرلی سچہ میں ایک مکان لینڈ سلائیڈنگ کی زد میں آنے سے چھ افراد ہلاک ہوگئے جبکہ تحصیل پلندری کے علاقے بیتراں گھناس کے مقام پر بییتراں ٹنگی گلہ روڈ پر نالے میں دو لڑکیاں بہہ گئیں۔ ریسکیو 1122 کے مطابق ان میں اسے ایک لڑکی ہلاک جبکہ دوسری کو زندہ بچا لیا گیا ہے۔
مظفرآباد تحصیل نصیر آباد کے علاقے سرلی سچہ میں رہائشی مکانات سیلابی پانی کی زد میں آگئے جس کے بعد ریسکیو ٹیمیں جائے وقوع کی جانب روانہ ہو گئیں۔
مظفرآباد ضلع جہلم ویلی  شدید بارش کی وجہ سے ندی نالوں میں طغیانی آ گئی ہے اور نالہ ساون، نالہ نڑدجیاں، نالہ پلوٹ، نالہ قاضی ناگ میں پانی کے بہاؤ میں غیر معمولی اضافہ ہوا ہے۔
ڈائریکٹر آپریشن سٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (ایس ڈی ایم اے) نے کہا ہے کہ طوفانی بارش کے باعث دریا جہلم میں پانی کے بہاو میں اضافہ ہو سکتا ہے۔
جمعرات  کی طوفانی بارش اور فلیش فلڈ کے بعد ایس ڈی ایم اے نے تازہ ترین صورت حال پر ہینڈ آوٹ جاری کیا ہے جس کے مطابق جہلم ویلی میں نڑ دجیاں نالے کی زد میں آ کرتین دوکا نیں ایک پن چکی جندر تباہ ہو گئی۔
مظفرآباد کے ضلع نیلم میں رتی گلی نالہ فلیش فلڈ میب پھنسے 11 سیاحوں کو ریسکیو کر لیا گیا۔ ضلع پونچھ میں چھتر نالے کی طغیانی کے دوران نالے میں خشک جگہ پر پھنسے تین افراد کو ریسکیو کر لیا گیا، جبکہ ضلع کوٹلی میں دریائے پونچھ کی طغیانی میں پھنسے افراد کو بھی ریسکیو کر لیا گیا۔
خیبر پختونخوا کو کشمیر سے ملانے والی شاہراہ لوہار گلیبکے مقام پر لینڈ سلائیڈنگ کے باعث بند ہو گئی۔ ضلع جہلم ویلی میں بنی حافظ ہٹیاں بالا روڈ بھی مٹی کے تودے گرنے کے باعث بند ہوئی۔
اس کے علاؤہ وادی لیپہ کو ملانے والی شاہراہ دودہ پورہ کے مقام سے لینڈ سلائیڈ کے باعث بند ہو گئی جبکہ ضلع پونچھ میں ہجیرہ عباس پور روڈ بیری کے مقام سے لینڈ سلائیڈ کی وجہ سے بند ہوئی۔
ایس ڈی ایم اے کے مطابق م بند سڑکوں کو کھولنے کے لیے محکمہ شاہرات نے کام شروع کردیا ہے۔

 

شیئر: