Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جمعہ کی اذان سے 40 منٹ قبل مساجد کھولنے کا فیصلہ

نمازیوں کو بھیڑ بھاڑ سے بچانے کے لیے یہ قدم اٹھایا گیا ہے- فوٹو ٹویٹر
سعودی وزارت اسلامی امور کا کہنا ہے کہ مکہ مکرمہ اور جدہ کے علاوہ  سعودی عرب کے تمام علاقوں میں جمعے کی نماز کے لیے مساجد اذان سے 40 منٹ قبل کھولی جائیں گی- عمل درآمد 12 جون سے شروع ہوگا جو آئندہ حکم تک جاری رہے گا- 
یہ فیصلہ نمازیوں کو متعلقہ اداروں کی جانب سے کورونا وائرس سے بچاؤ کے حفاظتی نظام کے تحت کیا گیا ہے-

اس سے پہلے 20 منٹ قبل مساجد کھولنے کا اعلان کیا گیا تھا- فوٹو:  سوشل میڈیا

العربیہ نیٹ کے مطابق وزارت اسلامی امور نے جمعرات کو مملکت بھر میں اپنی تمام شاخوں کو تحریری طور پر اطلاع دی ہے کہ وہ جامع مساجد اذان جمعہ سے 40 منٹ قبل کھولنے کا اہتمام کریں تاکہ تمام نمازیوں کے ایک ساتھ مسجد پہنچنے پر بھیڑ نہ ہو-
یاد رہے گزشتہ جمعے کو مکہ مکرمہ اور جدہ میں کورونا وائرس کے حوالے سے احتیاطی تدابیر کے پیش نظر نماز باجماعت پر 15 دن کے لیے دوبارہ پابندی عائد کر دی گئی تھی ۔
وزارت اسلامی امور نے مملکت بھر میں جامع مساجد کے علاوہ 3867 عام مساجد میں بھی عارضی طور پر جمعہ کی نماز ادا کرنے کی منظوری دی ہے- یہ فیصلہ اژدھام کم کرنے، مساجد میں نمازیوں کے درمیان ضروری فاصلہ برقرار رکھنے  کی غرض سے کیا گیا ہے-
نئے کورونا وائرس  کی وبا کو پھیلنے سے روکنے کے لیے صحت حکام  نمازیوں کے درمیان دو میٹر کا فاصلہ رکھنے کو ضروری قرار دیے ہوئے ہیں-
وزارت اسلامی امور نے  مساجد کے ائمہ کو ہدایت دی ہے کہ وہ جمعے کے خطبات  کی تیاری میں ان خطبات کے مضامین سے استفادہ کریں جنہیں ماہر علما اور سکالرز کی مدد سے تیار کرکے وزارت کی ویب سائٹ پر جاری کردیا گیا ہے- یہ خطبات کورونا کی وبا کے موضوع پر ہیں- جن میں اس امر کی تاکید کی گئی ہے کہ ہر فرد اور ہر گروپ کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے حکومت کی جانب سے مقرر کردہ حفاظتی تدابیر کی پابندی کرے- ان خطبات میں یہ بات بھی واضح کی گئی ہے کہ انسانی جان کی حفاظت اسلامی شریعت کا بنیادی مقاصد میں شامل ہے-
یاد رہے کہ وزارت اسلامی امور نے اس سے قبل  ہدایت جاری کی تھی کہ جمعہ کی پہلی  اذان سے  20 منٹ قبل دی جائے اور جامع مساجد نماز کا وقت شروع ہونے سے قبل 20 منٹ پہلے کھولی جائیں اور نماز کے بیس منٹ بعد بند کردی جائیں اور یہ کہ جمعے کا خطبہ نماز سمیت 15 منٹ کے اندر پورا کرلیا جائے-

 

 خود کو اپ ڈیٹ رکھیں، واٹس ایپ گروپ جوائن کریں

شیئر: