Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب: تمام مساجد میں نماز جمعہ، خطبہ کورونا پر ہوگا

رش سے بچنے کے لیے چھوٹی مساجد میں بھی نماز جمعہ ادا کی جائے گی (فوٹو، ٹویٹر)
کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے سعودی عرب میں احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے باجماعت نماز کی ادائیگی عارضی طور پر روک دی گئی تھی تاہم تقریبا ڈھائی ماہ کے بعد کل (جمعے کو) مملکت کی تمام مساجد میں احتیاطی تدابیر پر عمل کرتے ہوئے نماز جمعہ ادا کی جائے گی۔
وزارت امور اسلامی کا کہنا ہے کہ مملکت میں جامع مساجد کے علاوہ بھی تمام مسجدوں میں نماز جمعہ ادا کی جائے تاکہ جامع مساجد میں لوگوں کا رش نہ ہو۔

 کورونا سے بچاؤ کےلیے باجماعت نماز پر پابندی عائد کی گئی تھی (فوٹو، ایس پی اے)

سعودی خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق وزارت اسلامی امور کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ مملکت کے مختلف علاقوں میں 3 ہزار 869 مساجد کی انتظامیہ کو جمعے کی نماز کے لیے ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔
جامع مساجد کے علاوہ دیگر چھوٹی مساجد میں جہاں عام طور پر جمعے کی نماز ادا نہیں کی جاتی وہاں بھی عارضی طور پر نماز جعمہ ادا کی جائے گی تاکہ ان علاقوں میں رہنے والوں کو جامع مسجد جانے میں دشواری نہ ہو اور جامع مسجدوں میں لوگوں کا رش نہ ہو۔
وزارت اسلامی امور کی جانب سے مزید کہا گیا ہے کہ عارضی طور پر مملکت کے مختلف شہروں میں جن چھوٹی مساجد میں نماز جمعہ ادا کرنے کی اجازت دی گئی ہے ان میں ریاض میں 656، مکہ میں 455، مدینہ 165، شرقیہ 484، قصیم 205، الجوف 92، عسیر 400، باحہ 84، حائل 257، تبوک 74، جازان 816، نجران 60 اور شمالی حدود کی 121 چھوٹی مساجد شامل ہیں۔
وزارت اسلامی امور نے مساجد کے آئمہ کو ہدایت کی ہے کہ کورونا سے متعلق وزارت اسلامی امور کی جانب سے تیار کیا گیا جمعے کا خطبہ ہی دیا جائے۔

وزارت اسلامی امور کی جانب سے تمام مساجد میں خصوصی انتظامات مکمل کر لیے (فوٹو، ٹویٹر)

خطبہ کورونا سے بچاؤ کے لیے انفرادی ذمہ داریوں کی پابندی کرتے ہوئے معاشرے کو کس طرح اس وبائی مرض سے محفوظ کیا جائے، کے بارے میں ہوگا تاکہ اس وبائی مرض سے بچنے کے لیے احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کیا جائے۔

شیئر: