Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مکہ و جدہ کے علاوہ مسجد نبوی اور دیگر شہروں میں نماز جمعہ

کورونا وائرس کے حوالےسے احتیاطی تدابیر پر عمل کرتے ہوئے جدہ اور مکہ مکرمہ کے علاوہ مسجد نبوی الشریف و مملکت کے دیگر شہروں میں نماز جمعہ کے اجتماعات منعقد ہوئے۔
وزارت اسلامی امور کی ہدایات کے مطابق مملکت کے مختلف شہروں میں مساجد کی انتظامیہ  نےجمعہ کی اذان سے 40 منٹ قبل مساجد کھول دیں تاکہ نمازیوں کو آنے میں کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔


سجد نبوی اور دیگر مساجد میں سماجی فاصلے  کے تحت نماز ادا کی گئی(فوٹو، ایس پی اے )

مدینہ منورہ گورنریٹ کی جانب سے دن گیارہ بجے ہی ٹویٹر پر اطلاع دی گئی تھی کہ مسجدنبوی الشریف میں لوگوں کی گنجائش پوری ہو چکی ہے اس لیے حرم شریف جانےوالے راستوں کو بند کردیا گیاہے۔
گورنریٹ کی جانب سے کہا گیا تھا کہ مسجدنبوی الشریف میں نماز جمعہ کے دوران سماجی فاصلے کے اصول پر عمل کرتے ہوئے صفیں بنائی گئی ہیں جس میں نمازیوں کے درمیان 2 میٹر کا فاصلہ رکھا گیا ہے۔
واضح رہے گزشتہ جمعہ 5 جون کو جدہ اور مکہ مکرمہ میں کورونا کے بڑھتے ہوئے کیسز کی وجہ سے دوبارہ پابندیاں سخت کرتے ہوئے نماز باجماعت اور جمعہ اجتماعات پر پابندی عائد کر دی گئی تھی اس پابندی سے مدینہ منورہ کی مسجد نبوی الشریف اور دیگر شہروں کی مساجد مستثنی تھیں۔
وزارت اسلامی امور کی جانب سے گزشتہ شب مساجد کی انتظامیہ کو ہدایت کی گئی تھی کہ نمازجمعہ سے 40 منٹ قبل مساجد کھول دی جائیں تاکہ لوگوں کو آنے میں سہولت ہو۔ قبل ازیں وزارت کی جانب سے مساجد کھولنے کا دورانیہ 20 منٹ کا رکھا گیا تھا جس سے لوگوں  کوکافی دشواری کا سامنا کرنا پڑا اور مساجد کے دروازوں پر ازدحام کی کیفیت پیدا ہو گئی تھی جس پروزارت اسلامی امور نے دورانیہ کو بڑھا کر 40 منٹ کردیا۔
یاد رہے وزارت اسلامی امور کی جانب سے مساجد کی انتظامیہ کو سختی سے ہدایت کی گئی ہے کہ مساجد میں صفو ں کے درمیان ایک صف خالی جبکہ نمازیوں کے درمیان میں 2 میٹر کا فاصلہ رکھا جائے ۔ مسجد آنے والا ہرشخص اپنی جائے نماز ساتھ لے کر آئے اور ماسک کی پابندی لازمی طور پر کی جائے۔ وزارت اسلامی امور کی جانب سے جامع مساجد سمیت تمام چھوٹی مسجدوں میں بھی نماز جمعہ پڑھانے کی اجازت دی گئی تھی۔

شیئر: