Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’سعودی عرب دہشت گردی کے خلاف افغان بھائیوں کے ساتھ کھڑا ہے‘

وزارت خارجہ نے ہلاک ہونے والوں کے اعزہ ، افغان حکومت و عوام سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
سعودی عرب نے کابل میں نماز جمعہ کے دوران نمازیوں پر دہشت گردانہ حملے کی مذمت کی ہے۔
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق سعودی دفتر خارجہ نے بیان میں افغان دارالحکومت کابل میں جمعے کی نماز کے دوران مسجد پر دہشت گردانہ حملے کی شدید  مذمت کی ہے جس سے کئی نمازی ہلاک اور زخمی ہوگئے۔
وزارت خارجہ نے حملے میں ہلاک ہونے والوں کے اعزہ ، افغان حکومت و عوام سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
وزارت خارجہ نے بیان میں  زور دے کر کہا کہ سعودی عرب عبادت گھروں پر حملوں، امن پسندوں کو خوفزدہ کرنے اور بے قصور انسانوں کا خون بہانے کے خلاف ہے۔

متحدہ عرب امارات نے بھی  کابل  میں بم حملے کی شدید مذمت کی ہے۔(فوٹو اے ایف پی)

وزارت خارجہ نے  برادر ملک افغانستان کو اطمینان دلایا ہے کہ وہ ہر طرح کی دہشت گردی، شدت پسندی اور کسی بھی عنوان اور بہانے سے بے قصور انسانوں پر حملوں کے خلاف افغان بھائیوں کے ساتھ کھڑا ہوا ہے۔
 دریں اثنا متحدہ عرب امارات نے بھی  کابل  میں بم حملے کی شدید مذمت کی ہے۔ وزارت امور خارجہ و بین الاقوامی تعاون کی طرف سے جاری بیان کے مطابق متحدہ عرب امارات ایسے مجرمانہ فعل کی سختی سے مذمت کرتا ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ سلامتی و استحکام کو نقصان پہنچانے والے ہر قسم کے تشدد اور دہشت گردی کو مکمل مسترد کرتے ہیں۔ ایسے تمام واقعات ہر قسم کے مذہبی اور انسانی اقدار و اصولوں کے مکمل منافی ہیں۔

 

شیئر: