Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کورونا کا شبہ، مکہ میں تین تجارتی مراکز بند

 ورکرز کے کورونا وائرس میں مبتلا ہونے کا شبہ تھا۔ (فوٹو: ٹوئٹر)
 سعودی عرب میں مکہ محکمہ صحت نے الشرائع سیکٹر میں کھانے پینے کی اشیا فروخت کرنے والے تین مراکز کو ورکرز کے کورونا وائرس میں مبتلا ہونے کے شبے پر بند کرادیا  ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق الشرائع کی بلدیاتی کونسل کی تفتیشی ٹیمیں رپورٹ ملنے پر تجارتی مراکز پہنچیں۔ پوچھ گچھ سے پتہ چلا کہ میوہ جات، مٹھائیاں، عوامی طرز کے کھانے اور کھانے پینے کی دیگر اشیا فروخت کرنے والے تین تجارتی مراکز میں موجود ورکرز میں کورونا وائرس کی علامتیں نظر آرہی تھیں۔
ابتدائی معائنے کے  فوراً بعد تینوں تجارتی مراکز بند کردیے گئے اور ہدایت کردی گئی کہ جب تک تحریری اجازت نامہ نہ ملے اس وقت تک تینوں تجارتی مراکز بند رکھے جائیں-
مکہ محکمہ صحت کی ٹیموں نے تینوں تجارتی مراکز کے تمام ورکرز کا بھی کورونا ٹیسٹ لیا جو متاثرین سے رابطے میں تھے۔
یاد رہے کہ محکمہ صحت کی تفتیشی ٹیمیں مکہ میں تجارتی مراکز اور دکانوں پر وقتاً فوقتاً چھاپے مار کر اس بات کا اطمینان حاصل کررہی ہیں کہ وہاں وائرس سے بچاؤ کے حفاظتی انتظامات پر کس حد تک عمل ہورہا ہے اور آیا کسی تجارتی مرکز میں کورونا کا کوئی کیس تو نہیں۔
تفتیشی ٹیمیں وائرس کا کیس ریکارڈ پر آتے ہی لیباریٹری ٹیسٹ کا اہتمام کرتی ہیں اور وائرس کا کیس سامنے آتی ہی متعلقہ دکان یا تجارتی مرکز کو بند کرادیا جاتا ہے- تجارتی مراکز کو سینیٹائز بھی کیا جاتا ہے۔

تجارتی مراکز میں احتیاطی تدابیر کی پابندی کی جاتی ہے۔ (فوٹو: الشرق الاوسط)

 واضح رہے کہ اس سے قبل مکہ میونسپلٹی کے ماتحت الشرائع بلدیہ کے افسران نے کورونا وائرس کے شبے میں معروف کیٹرنگ کی دکان سربمہر کی تھی۔ یہ الشرائع سیکٹر میں واقع تھی جہاں جانور ذبح کرکے تازہ گوشت سے مختلف قسم کے مقامی کھانے تیار کیے جارہے تھے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق محکمہ صحت نے یہ اطلاع بھی دی تھی کہ کیٹرنگ کی دکان میں موجود ایک باورچی پر کورونا وائرس میں مبتلا ہونے کا شبہ تھا۔

شیئر: