Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کورونا سے امریکہ میں مزید 734 ہلاکتیں

امریکہ میں اس وقت کورونا وائرس کے 20 لاکھ 70 ہزار کنفرم کیسز ہیں (فوٹو: اے ایف پی)
امریکہ میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس سے 700 سے زائد ہلاکتیں ریکارڈ کی گئی ہیں جبکہ چین میں اتوار کو کورونا وائرس کے 57 نئے کیسز سامنے آئے ہیں جن کی وجہ سے حکام کو وبا کی دوسری لہر میں تیزی کا خدشہ ہے۔
جان ہاپکنز یونیورسٹی کے اعداد وشمار کے مطابق امریکہ میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس سے 734 ہلاکتیں ریکارڈ کی گئی ہیں جس کے بعد ملک میں اس مہلک وبا سے ہونے والی ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 115،341 تک جا پہنچی ہے۔
فرانسیسی خبررساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق دنیا کی سب سے بڑی معیشت اس وبا سے بری طرح متاثر ہوئی ہے جہاں ہلاکتوں اور متاثرہ مریضوں کی تعداد سب سے زیادہ ہے۔ بالٹی مور میں قائم یونیورسٹی کے اعداد و شمار کے مطابق امریکہ میں اس وقت کورونا وائرس کے 2،071،782 کنفرم کیسز ہیں۔
بیماری پر قابو پانے اور اس سے بچاؤ کے مرکز کے ڈائریکٹر روبرٹ ریڈ فیلڈ نے جمعے کو کہا تھا کہ 'یہ اہم ہے کہ ہم جانتے ہیں کہ یہ صورتحال بالکل نئی ہے اور یہ کہ یہ وبا ختم نہیں ہوئی۔'
ادھر چین میں اتوار کو کورونا وائرس کے 57 نئے کیسز سامنے آئے ہیں، یہ تعداد اپریل سے اب تک رپورٹ ہونے والے کیسز میں سب سے زیادہ ہے جس کے بعد اس وبا کے دوبارہ سر اٹھانے کے خدشات بڑھ گئے ہیں۔ 

چین میں نئے کیسز سامنے آنے کے بعد کورونا کی وبا کے دوبارہ سر اٹھانے کے خدشات بڑھ گئے ہیں (فوٹو:اے ایف پی)

نیشنل ہیلتھ کمیشن نے بتایا ہے کہ ان میں سے 36 کییسز دارالحکومت میں مقامی سطح پر منتقلی کے ہیں۔
اتوار کو رپورٹ ہونے والے دیگر دو کیسز شمال مشرقی لیاؤننگ میں مقامی سطح پر منتقلی کے ہیں اور مقامی شعبہ صحت کے حکام کا کہنا ہے کہ ان کا بیجنگ میں سامنے آنے والے کیسز سے گہرا تعلق ہے۔
نیشنل ہیلتھ کمیشن نے بیجنگ میں دو مہینے بعد جمعے کو پہلا کیس سامنے آیا تھا جس کے بعد حکام نے سکولوں میں بچوں کی واپسی کا فیصلہ موخر کردیا تھا۔
نئے کیسز میں سے کئی کا تعلق ہول سیل مارکیٹ ژن فادی سے ہے  جسے بند کردیا گیا ہے اور وہاں سینکڑوں کی تعداد میں پولیس اہلکاروں کو مکاسک اور دستانے چڑھائے گشت کرتے دیکھا گیا ہے۔

شیئر: