Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

'السعودیہ کا ہیڈ کوارٹر ریاض منتقل کیا جائے‘

شوری کا وڈیو اجلاس ڈاکٹر عبداللہ آل الشیخ کی صدارت میں ہوا-(فوٹو سبق)
سعودی مجلس شوری کے ارکان نے مطالبہ کیا ہے کہ سعودی عریبین ایئرلائنز (السعودیہ) کا ہیڈ کوارٹر جدہ سے ریاض منتقل کردیا جائے۔  تمام وزارتوں، محکموں اور سرکاری اداروں کے ہیڈکوارٹر دارالحکومت میں ہی ہیں۔
عاجل ویب سائٹ کے مطابق شوری کا ویڈیو اجلاس ڈاکٹر عبداللہ آل الشیخ کی صدارت میں منعقد ہوا-
ایک رکن شوری نے السعودیہ سے متعلق رپورٹ پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے کہا کہ السعودیہ قومی تبدیلی پروگرام 2020 اور سعودی وژن 2030 کی پابندی کرے۔ اس حوالے سے غیرملکی پائلٹس کی جگہ سعودی پائلٹس کے تقرر اورتربیت کا منصوبہ نافذ کیا جائے۔
دیگر ارکان شوری نے السعودیہ سے مطالبہ کیا کہ وہ جامع سٹراٹیجک پلان تیارکرے۔ مستقبل سے متعلق اہداف اور انہیں پورا کرنے کے طور طریقے متعین کرے اور جامع حکمت عملی پر عمل درآمد پر نظام الاوقات بھی دے۔
ایک خاتون رکن شوری نے مطالبہ کیا کہ السعودیہ مقامی ائیر پورٹس کی ضروریات کو مدنظر رکھ کر درمیانے سائز کے طیارے حاصل کرے۔
ایک رکن شوری نے کورونا کی وبا کی صورتحال میں سعودی عریبین ایئرلائنز کی خدمات کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ قومی ایئرلائن نے اپنے مسافروں خصوصا شہریوں کو بڑی اچھی سہولتیں مہیا کی ہیں جو دیگر فضائی کمپنیاں فراہم نہیں کررہی ہیں۔

  شوری کے ارکان نے السعودیہ کی سالانہ رپورٹ پر بحث کی ہے(فوٹو سبق)

السعودیہ کی سالانہ رپورٹ پر بحث کے آخر میں طے کیا گیا کہ ارکان شوری کی تجاویزو خیالات کی جائزہ رپورٹ تیار کرکے متعلقہ کمیٹی آئندہ کسی قریبی اجلاس میں پیش کرے۔
 دریں اثنا سعودی مجلس شوری نے  نجی اداروں کے ملازمین کی تنخواہوں میں درجہ بندی کی سفارش مسترد کردی ہے جسے وزارت افرادی قوت و سماجی بہبود نے پیش کیا تھا۔ شوری کا موقف ہے کہ تنخواہوں میں درجہ بندی کا نظام لیبر مارکیٹ اور نجی کمپنیوں کے لیے  مضر ثابت ہوگا۔
 شوری کے معاون صدر ڈاکٹر یحیی الصمعان نے بتایا کہ سفارش کی گئی تھی کہ نجی ادارو ں کے  ملازمین کی تنخواہو ں کی درجہ بندی میں ان کی اسناد، تجربے اور معاشی اخراجات کو مدنظر رکھا جائے۔ شوری کے بیشتر ارکان نے اس سفارش کو مسترد کردیا۔

شیئر: