Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایس اوپیز پرعمل نہ کرنے والوں کےخلاف کریک ڈاون

ضوابط کی پابندی نہ کرنےوالوں پر جرمانے عائد کیے جاتے ہیں(فوٹو، ایس پی اے)
سعودی عرب میں کورونا وائرس سے بچاو کے لیے وزارت صحت کی جانب سے ایس اوپیز مقرر کیے گئے ہیں جن پرعمل نہ کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جاتی ہے۔
ضوابط کے مطابق گھروں سے باہر نکلنے کے لیے ماسک لگانا یا منہ اور ناک کو رومال یا کپڑے سے ڈھانپ لینا لازمی ہے ایسا نہ کرنے والوں کو ایک ہزار ریال جرمانہ کیا جاتا ہے۔

گھر سے باہر جاتے وقت ماسک کا استعمال لازمی ہے (فوٹو:  سبق)

مکہ مکرمہ ریجن کی پولیس کی جانب سے ایس او پیز کی خلاف ورزیاں کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاون جاری ہے۔ اس ضمن میں مقامی ویب نیوز ’سبق‘ کا کہنا ہے کہ جدہ کے مختلف علاقوں میں  پولیس نے ایس او پیز کی خلاف روزیوں پر متعدد لوگوں کے چالان کیے۔
جدہ پولیس نے شہر کے جنوبی علاقے جہاں ورکشاپس وغیرہ قائم ہیں کےعلاوہ اولڈ مکہ روڈ ، الاسکان شاہراہ، شارع بن لادن، الھنداویہ اور  مقامات پر تفتیشی دورے کیے۔  اس دوران ماسک اور سماجی فاصلے کی پابندی نہ کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں کی گئی۔
واضح رہے تفتیشی ٹیموں میں پولیس کے علاوہ بلدیہ اور وزارت صحت کے اہلکار بھی شامل ہیں۔ بلدیہ کی جانب سے مختلف علاقوں میں مارکیٹوں کا بھی دورہ کیا جا رہا ہے تاکہ سماجی فاصلے کے اصول پرعمل درآمد کو یقینی بنایا جاسکے۔

سماجی فاصلے کے اصول پر عمل نہ کرنا بھی خلاف ورزی شمار ہوتی ہے (فوٹو: سبق)

وزارت صحت کی جانب سے مقررہ ایس او پیز میں واضح طور پر کہا گیا ہے کہ مارکیٹس اور کمرشل پلازوں میں آنے والوں کے جسمانی درجہ حرارت کو نوٹ کرنے کا خصوصی اہتمام کیا جائے۔ علاوہ ازیں مارکیٹ انتظامیہ سینیٹائزر اور دستانے لازمی رکھیں جنہیں صارفین استعمال کریں، ایسا نہ کرنےوالی کمرشل مارکیٹوں کے خلاف جرمانے عائد کرنے کے علاوہ مارکیٹوں کو عارضی طور پر سیل بھی کر دیا جاتا ہے۔

شیئر: