Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مکہ کی 1560 مساجد اتوار سے کھل جائیں گی

نمازیوں کو اپنے ہمراہ جائے نماز لانے کے لیے کہا گیا ہے۔(فوٹوالعربیہ)
سعودی عرب میں نئے کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے مقررہ حفاظتی و احتیاطی اقدامات کے باعث 90 دن کی بندش کے بعد مکہ مکرمہ کی 1560 مساجد آئندہ اتوار کو نماز فجر سے کھول دی جائیں گی۔
العربیہ نیٹ، عاجل اور سبق ویب کے مطابق وزارت اسلامی امور مکہ مکرمہ شاخ نے مکہ مکرمہ کی عام اور جامع مساجد نمازیوں کے لیے تیار یاں کرائی ہیں۔
تمام مساجد میں صفائی ، سینیٹائزنگ کی کارروائی مکمل ہو گئی۔ نمازیوں کے درمیان مقرر فاصلے کے لیے علامتیں لگائی جا رہی ہیں۔
دو صفوں کے درمیان ایک صف چھوڑنے کی پابندی کی تاکید کردی گئی۔ بڑے قالین ہٹالیے گئے اور نمازیوں کو اپنے ہمراہ جائے نماز لانے کے لیے کہا گیا ہے۔

مقرر فاصلے کے لیے علامتیں لگائی جا رہی ہیں۔(فوٹوالعربیہ)

مکہ مکرمہ کے رضاکاروں نے اپنے محلوں میں مساجد کے انتظامات کو بہتر اور موثربنانے کے عمل میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا ہے۔
العزیزیہ محلے مکہ مکرمہ میں رضاکاروں کے مرکز کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر ابراہیم ملی نے بتایا کہ نوجوانوں نے مل  کر مساجد میں نمازیوں کے درمیان فاصلے کے لیے علامتیں لگانے میں حصہ لیا اور وہ مساجد کھلنے کی صورت میں صحت و سلامتی کے ضوابط کے بارے میں نمازیوں میں آگہی مہم بھی چلا رہے ہیں۔
مکہ مکرمہ میں وزارت اسلامی امور کے عہدیداروں نے بتایا کہ تمام مساجد سے قرآن کریم کے نسخے اور کتابیں ہٹا لی گئیں تاکہ نمازیوں کو ممکنہ طور پر  کورونا وائرس لگنے کے خطرات سے بچایا جاسکے۔

تمام مساجد میں صفائی ، سینیٹائزنگ کی کارروائی مکمل ہو گئی۔(فوٹوالعربیہ)

اس سے قبل وزارت اسلامی امور نے 31 مئی 8 شوال  کومکہ مکرمہ کے علاوہ سعودی عرب کے تمام علاقوں کی عام اور جامع مساجد کھول دی تھیں اور طے کردیا تھا کہ اگر کوئی بڑی تبدیلی واقع نہ ہوئی تو ایسی صورت میں اتوار 21 جون اتوار 29 شوال  سے مکہ مکرمہ کی مساجد بھی نمازیوں کے لیے کھول دی جائیں گی۔
عاجل ویب سائٹ کے مطابق مکہ مکرمہ میونسپلٹی کے ترجمان رائد سمرقندی نے بتایا کہ میئر انجینیئر محمد القویحص کی ہدایت پر مسلسل چار روز تک رضاکار نمازیوں میں آگہی مہم جاری رکھیں گے۔

شیئر: