سعودی عرب کی کویت اور بحرین پر ایرانی حملوں اور اماراتی ٹینکر کو نشانہ بنائے جانے کی مذمت
جہازرانی اور تجارتی راستوں کی آزادی کو لاحق خطرات کو مسترد کیا ( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب نے کویت اور بحرین پر ایرانی حملوں جبکہ آبنائے ہرمز میں متحدہ عرب امارات کے ایک آئل ٹینکر کو نشانہ بنائے جانے کی شدید مذمت کی ہے۔
ایس پی اے کے مطابق وزارت خارجہ نے ایک بیان میں ہمسایہ ملکوں کے خلاف ایران کی مسلسل جارحیت، جہازرانی اور تجارتی راستوں کی آزادی کو لاحق خطرات کو مسترد کیا۔
وزارت نے بیان میں تمام حملے بند کرنے، بین الاقوامی قوانین اور اچھے ہمسایوں کے تعلقات کے اصولوں کا احترام کرنے پر پھر زور دیا۔
وزارت خارجہ نے کہا کہ سفارتی کوششوں کو قیام امن اور مذاکرات کے ذریعے بحران کے حل کا موقع دیا جائے تاکہ خطے اور وہاں کے عوام کی سلامتی اور استحکام کو برقرار رکھا جا سکے۔
بدھ کی صبح کویت اور بحرین نے ایران کی جانب سے کیے جانے والے فضائی حملوں کو ناکام بنا دیا ایرانی فوج کا کہنا ہے اس کے ڈرونز نے کویت میں علی السالم ایئربیس پر موجود امریکی فضائی دفاعی نظام کو نشانہ بنایا۔
متحدہ عرب امارات کی سرکای کمپنی ادنوک نے بتایا کہ منگل کی رات آبنائے ہرمز میں ایک آئل ٹینکر پر پروجیکٹائل کے حملے میں عملے کا ایک رکن لاپتہ ہے جبکہ گیارہ افراد زخمی ہوئے ہیں۔
یاد رہے کہ امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے ایران کے خلاف شروع کی گئی جنگ کے بعد سے کویت اور بحرین ایرانی میزائلوں اور ڈرون حملوں کی زد میں ہیں۔
