Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’عیدالاضحیٰ پر ایس او پیز واضح ہونے چاہئیں‘

پاکستان کے صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے یہ ضروری ہے کہ ہم عید الاضحیٰ کے لیے منصوبہ بندی کر لیں۔
انہوں نے اپنے ٹویٹ کے ذریعے کہا ہے کہ  سماجی فاصلے، ماسک پہننے، جانوروں کی منڈیوں، قربانی کے مقام، بازاروں کے کھلنے اور نمازوں سے متعلق لوگوں کے لیے حکومتی احکامات واضح ہونے چاہیے۔
گذشتہ روز انہوں نے کورونا وائرس کی صورتحال سے متعلق جائزہ اجلاس میں کہا تھا کہ جانوروں کی خریداری اور عید کے اجتماعات کے دوران قواعدوضوابط کی پابندی کریں۔
پاکستان میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس سے 105 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔
منگل کی صبح جاری سرکاری اعداد وشمار کے مطابق نئی ہلاکتوں کے ساتھ ملک میں کورونا سے ہونے والی ہلاکتوں کی کل تعداد تین ہزار695 ہوگئی ہے۔
گذشتہ 24 گھنٹوں میں ملک میں کورونا کے تین ہزار 946 کیسز سامنے آئے ہیں۔ اب تک ملک بھر میں ایک لاکھ 83 ہزار 316 افراد میں کورونا کی تشخیص ہوئی ہے۔
پاکستان میں اب تک 73 ہزار  471 افراد وبا سے شفایاب ہوئے ہیں جبکہ 11 لاکھ 26 ہزار 761 ٹیسٹ کیے چکے ہیں۔ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 24 ہزار 599 ٹیسٹ کیے گئے ہیں۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے اعداد و شمار کے مطابق ملک میں کورونا وائرس کے سب سے زیادہ کیسز صوبہ سندھ میں ہیں۔ صوبے میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 71 ہزار 92 ہو گئی ہے جبکہ ایک ہزار 103 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
پنجاب میں  کورونا کے مریضوں کی تعداد 68 ہزار 308 ہوگئی ہے۔ اب تک صوبے میں ایک ہزار 495 اموات ہوئی ہیں اور یہ تعداد کسی بھی دوسرے صوبے یا علاقے سے زیادہ ہے۔
صوبہ خیبر پختونخوا میں کورونا کے 22 ہزار 633 مریض موجود ہیں۔ صوبے میں 843 اموات ہوئی ہیں جبکہ 6 ہزار 869 مریض صحت یاب ہوئے ہیں۔
بلوچستان میں 9 ہزار 587 افراد میں کورونا کی تصدیق ہوئی ہے جبکہ صوبے میں وائرس سے 104 اموات ہو چکی ہیں۔ صوبے میں صحت یاب ہونے والے افراد کی تعداد 3 ہزار 670 ہے۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 11 ہزار 219 ہو چکی۔ پانچ ہزار 12 مریض صحت یاب ہوئے ہیں جبکہ 106 اموات ہوئی ہیں۔
گلگت بلتستان میں ایک ہزار 326 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ علاقے میں 946 مریض صحت یاب جبکہ 22 ہلاکتیں ہوئی ہیں۔
پاکستان کے زیرانتظام کشمیر میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 869 ہے۔ 350 مریض صحت یاب ہوئے ہیں جبکہ علاقے میں 20 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔

شیئر: