Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نواز الدین صدیقی کھیتی باڑی کرنے لگے

نوازالدین صدیقی نے تقریباً 20 سالوں تک کھیتوں میں کام کیا ہے (فوٹو: نوازالدین صدیقی ٹوئٹر)
بالی وڈ کے نامور اداکار نواز الدین صدیقی جو آج کل اتر پردیش میں اپنے گاؤں بدھانا میں وقت گزار رہے ہیں، نے خود کو مصروف رکھنے کے لیے کاشتکاری شروع کر دی ہے۔
انڈین ٹی وی چینل این ڈی ٹی وی کے مطابق یہ وہ کام ہے جو وہ بالی وڈ میں انٹری سے قبل تقریباً 20 سال تک کرتے رہے ہیں۔
46 سالہ اداکار نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر ایک ویڈیو شئیر کی ہے جس میں انہیں کھیت میں کام کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔ ویڈیو میں ان کے کپڑوں پر دھبے اور پسینے کے نشانوں سے ان کی دن بھر کی محنت کا اندازہ بھی لگایا جاسکتا ہے۔
سوشل میڈیا صارفین نے نواز الدین صدیقی کے کھیتوں میں کام کرنے پر حیرت کا اظہار کیا ہے۔
اس سے قبل 2016 میں نواز الدین صدیقی نے اپنے سرسوں کے کھیتوں کی تصاویر شئیر کی تھیں، جن میں وہ ٹریکٹر پر سوار تھے اور کچھ میں دوسرے کسانوں سے بات کرتے ہوئے بھی دیکھائی دے رہے تھے۔
اس وقت این ڈی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے انہوں نے لکھا تھا کہ کسانوں کے ساتھ بات کرنے سے انہیں ان کے مسائل سمجھنے میں آسانی ہوتی ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ وہ خود ایک کسان رہ چکے ہیں اسی لیے کسانوں کو درپیش مسائل سے واقف ہیں۔
این ڈی ٹی وی کے مطابق نواز الدین صدیقی نے بہت چھوٹی عمر سے کاشتکاری شروع کر دی تھی۔ لیکن ان کے والد نواب الدین صدیقی جو خود بھی ایک کسان تھے، نے ان پر زور دیا کہ وہ تعلیم حاصل کریں۔
اتر پردیش میں اپنے گاؤں بدھانا کے وہ پہلے گریجویٹ ہیں۔ اداکار بننے کی خواہش میں انہوں نے نیشنل سکول آف ڈرامہ میں داخلہ لیا اور اب 'گینگز آف وسع پور' اور 'بدلہ پور' جیسی فلموں اور نیٹ فلکس کی سیریز 'دا سیکرڈ گیمز' کی وجہ سے خاصے مشہور ہیں۔

شیئر: