Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بالی وڈ فنکار کھلی ہوا کا لطف لینے سڑکوں پر نکل آئے

سیف علی خان اور کرینہ کپور نے اپنے بیٹے کے ساتھ واک کی (فوٹو: سوشل میڈیا)
انڈیا میں لاک ڈاؤن میں نرمی ہوتے ہی جہاں عام لوگ گھروں سے باہر نکل آئے وہاں بالی وڈ سٹارز بھی کسی سے پیچھے نہ رہے۔ بالی وڈ کی اہم شخصیات بھی دو ماہ بعد ممبئی کی سڑکوں پر واک کرتی اور گُھومتی نظر آئیں۔
انڈین ایکسپریس کے مطابق بالی وڈ کی مشہور جوڑی سیف علی خان اور کرینہ کپور، اداکارہ راکل پریت سنگھ، دیشا پٹانی، دیویا کھوسلہ کمار، نیہا دھوپیا اور علی فضل سمیت دیگر اداکار بوریت دور کرنے اور کھلی ہوا کا مزہ لینے گھروں سے باہر آئے۔
نہ صرف ان فنکاروں نے اپنی اس سرگرمی کی ویڈیوز اور تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کیں بلکہ ان کے مداحوں نے بھی ان کی تصویریں بنائیں اور سوشل میڈیا پر شیئر کیں۔
ان فنکاروں نے واک کے دوران نہ صرف ماسک پہن رکھا تھا بلکہ انہوں نے سماجی فاصلے کی پابندی پر بھی عمل کیا۔
سیف علی خان اور کرینہ کپور نے اپنے بیٹے تیمور علی خان کے ہمراہ ممبئی کی میرین ڈرائیو پر واک کی۔
اداکارہ نیہا دھوپیا نے انسٹاگرام پر اپنی واک کی چند تصویریں پوسٹ کیں۔ انہوں نے لکھا کہ 'میں تقریباً 80 دنوں کے بعد واک کے لیے گئی۔اس دوران میرے آزادی اور خوف کے دوران مِلے جُلے جذبات تھے۔'
'آزادی اس لیے کہ میں کھلی صاف ہوا میں سانس لے رہی تھی جو اس سے پہلے میرے اس شہر میں نہیں تھی۔'

واک کرنے والوں میں اداکارہ دیشا پٹانی بھی شامل تھیں (فوٹو: ہندوستان ٹائمز)

' آزادی اس لیے کہ میں اپنا پسندیدہ میوزک سنتے ہوئے اپنے کندھوں پر بُوندا باندی کو محسوس کر سکتی تھی، اور آزادی ایک عجیب انداز سے کہ میں نے ماسک پہن کر ہر ایک سے سماجی فاصلہ بھی اختیار کر رکھا تھا۔'
 نیہا دھوپیا نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ 'خوف اس لیے تھا کہ باہر موجود لوگوں نے ابھی بھی ماسک نہیں پہن رکھے تھے، اور میں نے کئی ایک کو کو فاصلے سے یہ یاد بھی کروایا کہ وہ ماسک پہن لیں۔'
'خوف اس لیے کہ ممبئی کی روایتی رُوح اور جوش و خروش نظر نہیں آ رہا تھا، خوف اس لیے تھا کہ میں خود کو اتنا محفوظ محسوس نہیں کر رہی تھی جیسا کہ اس سے پہلے کیا کرتی تھی۔'

راکل پریت سنگھ نے واک کی تصویر سوشل میڈیا پر شیئر بھی کی (فوٹو: سوشل میڈیا)

یاد رہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے انڈیا میں لاک ڈاؤن کے دوران بالی وڈ سٹارز نے اپنے آپ کو گھروں تک محدود رکھا ہے اور اس دوران وہ اپنے مداحوں کے لیے اپنی مختلف سرگرمیوں کی ویڈیوز اور تصاویر پوسٹ کرتے رہتے ہیں۔

شیئر: