Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شادی کی تقریب: بڑی تعداد میں لوگوں کو بلانے پر دولہا گرفتار

شادی کی تقریب میں زیادہ سے زیادہ 50 افراد کو شرکت کی اجازت ہے ( فوٹو: سبق)
محائل عسیر میں شادی کی ایک تقریب میں مقررہ تعداد سے زیادہ افراد کو بلانے پر دولہا کو گرفتار کیا گیا ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق عسیر ریجن کی پولیس نے کہا ہے کہ ’جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی شب محائل عسیر میں واقع ایک شادی کے باہر بڑی تعداد میں گاڑیاں دیکھ کر ایک شخص نے ویڈیو شیئر کی تھی۔‘
’فوری کارروائی کرتے ہوئے موقع پر تفتیشی افسر پہنچ گئے جن کے معلوم کرنے پر پتہ چلا کہ ایک شہری نے اپنی شادی کی تقریب میں حد سے زیادہ لوگوں کو جمع کیا ہے۔‘
’کورونا وائرس کے انسداد کے لیے جاری حفاظتی تدابیر کی خلاف ورزی پر ضابطے کی کارروائی کی گئی اور بعد ازاں دولہے کے علاوہ شادی ہال کے منیجر اور ایک تیسرے شخص کو گرفتار کیا گیا ہے۔‘
’گرفتار شدگان پر الزام ہے کہ انہوں نے شادی کی تقریب میں حد سے زیادہ مجمع اکٹھا کیا ہے، وزارت صحت اور وزارت داخلہ کی ہدایات کی خلاف ورزی کی ہے اور بڑی تعداد میں لوگوں کو وبا کے خطرے سے دوچار کرنے کا سبب بنے ہیں۔‘
واضح رہے کہ متعلقہ اداروں کی ہدایات کے مطابق شادی کی تقریبات میں زیادہ سے زیادہ 50 افراد کو شرکت کی اجازت ہے۔
 

شیئر: