Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

وائرس کے بڑھتے کیسز، صدر ٹرمپ آتش بازی دیکھنے روانہ

ماؤنٹ رشمور پر ہونے والی تقریب میں سماجی دوری کا اصول ایجنڈے پر نہیں۔ فائل فوٹو: اے ایف پی
امریکہ میں کورونا وائرس کے بڑھتے کیسز کی وجہ سے تنقید کی زد میں رہنے والے صدر ڈونلڈ ٹرمپ جشنِ آزادی کے سلسلے میں کی جانی والی آتش بازی دیکھنے ماؤنٹ رشمور روانہ ہوئے ہیں۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق صدر ٹرمپ ماؤنٹ رشمور میں عوامی اجتماع سے خطاب کریں گے۔ ماؤنٹ رشمور میں کئی سابق امریکی صدور کے پتھروں سے تراشے مجسمے نصب ہیں۔
صدر ٹرمپ ماؤنٹ رشمور پر ہونے والی جشنِ آزادی کی تقریب کے لیے کافی پرجوش ہیں جہاں تقریباً ساڑھے سات ہزار افراد کا اجتماع متوقع ہے اور اے ایف پی کے مطابق سماجی دوری کا اصول ایجنڈے کا حصہ نہیں۔
جمعرات کو صدر ٹرمپ نے کہا تھا کہ ماؤنٹ رشمور پو ایک اعلیٰ تقریب ہوگی جہاں ایسی آتش بازی ہوگی جو کم ہی لوگوں نے دیکھی ہوگی۔
اس بارے میں سوال اٹھائے جا رہے ہیں کہ آیا صدر ٹرمپ تقریب میں کورونا وائرس کی وبا کے بارے میں بات کریں گے یا نہیں، جس سے اب تک ایک لاکھ 30 ہزار امریکی شہری موت کا شکار ہو چکے ہیں۔
اے ایف پی کے مطابق یہ سوال بھی پوچھا جا رہا ہے کہ صدر ٹرمپ ملک کے جنوب اور مغرب میں کیسز کے اضافے کے مسئلے پر اپنی تقریر میں بات کریں گے یا نہیں۔
امریکہ میں طبی ماہر اور سائنسدان اینتھونی فوچی نے کہا ہے کہ کیسز میں اضافے نے پورے ملک کو خطرے میں ڈال دیا ہے۔
ذرائع ابلاغ میں یہ سوال بھی اٹھایا جا رہا ہے کہ صدر ٹرمپ عوامی تقریب میں ماسک پہنیں گے یا نہیں؟
اے ایف پی کے مطابق امریکی صدر فی الوقت ایک ہی پیغام دے رہے ہیں کہ کورونا وائرس کے بحران سے 'نمٹا جا رہا ہے' اور امریکہ معیشت بحال ہو رہی ہے اور یہ کہ 2021 بہت مثالی سال ہوگا۔
خبر رساں ادارے کے مطابق یورپ کے مقابلے امریکہ میں روزانہ کی بنیاد پر کورونا وائرس کے کیسز میں اضافہ ہو رہا ہے اور کچھ ریاستوں میں نئے کیسز کے ریکارڈ ٹوٹ رہے ہیں۔
اینتھونی فوچی کا کہنا ہے کہ اگر بہتری نہ آئی تو ملک میں روزانہ ایک لاکھ کیسز ہوسکتے ہیں۔
بعض ریاستوں نے کاروبارِ زندگی کھولنے کے فیصلے پر عمل درآمد ملتوی کر دیا ہے۔ کئی ریاستوں میں حکام نے اپنے فیصلے واپس لیتے ہوئے بارز، ریستوران اور ساحل سمندر پر تفریحی سرگرمیوں پر پابندیاں عائد کر دی ہیں۔
واضح رہے کہ  جان پاپکنز یونیورسٹی کے اعداد و شمار کے مطابق  امریکہ میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 27 لاکھ، 39 ہزار 879 ہوگئی ہے۔

شیئر: