Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حج رجسٹریشن: غیر ملکیوں سے درخواستیں طلب

درخواست دینے کی آخری تاریخ 10 جولائی 19 ذی القعدہ تک ہے۔(فوٹو العربیہ)
 سعودی وزارت حج وعمرہ نے سعودی عرب میں مقیم غیر ملکی عازمین سے حج کی درخواستیں طلب کی ہیں۔  
مملکت میں رہنے والے غیر ملکیوں کی رجسٹریشن پیر چھ جولائی 15 ذی القعدہ سے شروع کی گئی ہے جبکہ درخواست دینے کی آخری تاریخ 10 جولائی 19 ذی القعدہ ہے۔
وزارت حج و عمرہ کے مطابق رواں برس اندرون مملکت سے 70 فیصد مقیم غیر ملکی اور 30 فیصد سعودی شہریوں کو حج کرنے کی اجازت دی جائے گی۔ 
سعودی شہریوں میں صرف صحت کی خدمات فراہم کرنے والے اور کورونا وائرس سے شفایاب ہونے والے سکیورٹی اہلکار شامل ہوں گے-
وزارت حج کا کہنا ہے کہ اس سال عازمین حج کا انتخاب کورونا وائرس سے صحت یاب افراد کے ریکارڈ کی بنیاد پر کیا جائے گا- ان میں ایسے لوگوں کا انتخاب کیا جائے گا جو صحت کے معیار پر پورے اتر رہے ہوں گے-
یہ فیصلہ کورونا کی وبا سے ہر مرحلے پر نمٹنے کے سلسلے میں معاشرے کے مختلف طبقوں کی خدمت گزاری میں سکیورٹی فورس کے اہلکاروں اور صحت کی خدمات فراہم کرنے والوں کے کردار کے اعتراف میں کیا جا رہا ہے-
وزارت حج کا کہنا ہے کہ مملکت میں مقیم غیر ملکیوں میں سے حج کے لیے ترجیح ان تارکین وطن کو دی جائے گی جو لاعلاج امراض سے پاک ہوں گے- جو کورونا وائرس کا پی سی آر لیبارٹری ٹیسٹ سرٹیفکیٹ پیش کریں گے کہ وہ کورونا سے پاک ہیں-

غیرملکی عازمین کا انتخاب صحت کی شرائط پر پورے اترنے والے رجسٹرڈ افراد میں سے ہوگا (فوٹو العربیہ)

ایسے غیر ملکیوں کو ترجیح دی جائے گی جنہوں نے اس سے قبل حج نہ کیا ہو اور ان کی عمریں 20 سے 50 برس کے درمیان ہوں-
حج کا ارادہ کرنے والے غیر ملکیوں سے یہ اقرار نامہ لیا جائے گا کہ حج سے پہلے اور حج کے بعد وزارت صحت کی طرف سے مقرر کردہ قرنطینہ کے دورانیے کی پابندی کریں گے-
وزارت حج کا کہنا ہے کہ حج کے خواہشمند جو غیر ملکی مقررہ شرائط پر پورے اتر رہے ہوں وہ وزارت کی ویب سائٹ (localhaj.haj.gov.sa) کے ذریعے رجسٹریشن کرا سکتے ہیں-

وزارت نے واضح کیا کہ اس سال حج کے لیے ہنگامی سکیمیں تیار کر لی گئی ہیں (فائل فوٹو: اے ایف پی)

وزارت حج نے کہا ہے کہ آئندہ پانچ ایام کے دوران کسی بھی وقت اندراج کرایا جا سکتا ہے-
وزارت حج نے واضح کیا ہے کہ غیر ملکی عازمین کا انتخاب صحت سے متعلقہ شرائط پر پورے اترنے والے رجسٹرڈ افراد میں سے الیکٹرانک بنیادوں پر کیا جائے گا- امیدواروں کو مقررہ مدت کے اندر دستاویزی کارروائی مکمل کرانا ہوگی-
وزارت حج کا یہ بھی کہنا ہے کہ حجاج کرام کی صحت و سلامتی کی خاطر دقیق ترین حفاظتی انتظامات اور صحت سے متعلقہ اعلی ترین ضوابط لاگو کیے جائیں گے-
وزارت نے واضح کیا کہ اس سال حج کے لیے ہنگامی سکیمیں تیار کر لی گئی ہیں-

وزارت حج نے کہا ہے کہ آئندہ پانچ ایام کے دوران کسی بھی وقت اندراج کرایا جا سکتا ہے (فائل فوٹو: اے ایف پی)

وزارت حج نے اس سے قبل اعلان کیا تھا کہ اندرون ملک سے حج کے امیدواروں سے درخواستوں کی وصولی ابتدائی نوعیت کی ہے- اسے حتمی شکل صحت اور انتظامی ضوابط پر پورا اترنے کی یقین دہانی کرائے جانے کے بعد منظوری کی صورت ہی میں حاصل ہوگی
درخواست کی منظوری پر امیدوار کو ایس ایم ایس کے ذریعے مطلع کیا جائے گا-

شیئر: