Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ام القری یونیورسٹی کا ڈاکٹر مردہ پایا گیا، تفتیش شروع

’متوفی شخص کو متعلقہ ادارے کے حوالے کردیا گیا تاکہ وفات کے اسباب معلوم کیے جائیں‘ ( فوٹو: سبق)
مکہ مکرمہ کی ام القری یونیورسٹی کا ایک ڈاکٹر اپنے اپارٹمنٹ میں مردہ پایا گیا۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق پولیس ذرائع نے بتایا ہے کہ ’یونیورسٹی کی انتظامیہ کی طرف سے اطلاع موصول ہوئی کہ مذکورہ ڈاکٹر ڈیوٹی سے غائب ہے اور موبائل پر جواب نہیں دے رہے‘۔
’یونیورسٹی کے احاطے میں تدریسی عملے کو فراہم کی جانے والی رہائش میں ان کا اپارٹمنٹ تھا جس کا دروازہ بجانے سے کوئی جواب نہیں آ رہا‘۔
پولیس نے کہا ہے کہ ’اطلاع ملنے پر ایک ٹیم نے تفتیش شروع کر دی تو معلوم ہوا کہ آخری مرتبہ ان سے رابطہ کیا گیا تھا تو وہ اپنے اپارٹمنٹ میں تھے‘۔
’تفتیشی ٹیم نے دروازہ توڑ کر اندر معائنہ کرنے کا فیصلہ کیا تو وہاں انہیں بے ہوش پایا گیا، فوری طور پر ہلال احمر کی ٹیموں کو بلایا گیا جنہوں نے معائنہ کرنے پر بتایا ہے کہ مذکورہ شخص وفات پا چکا ہے‘۔
پولیس نے بتایا ہے کہ ’متوفی شخص کی لاش کو متعلقہ ادارے کے حوالے کر دیا گیا تاکہ وفات کے اسباب معلوم کیے جائیں نیز واقعہ کی رپورٹ پبلک پراسیکیوشن کو دے دی گئی ہے تاکہ تفتیش آگے بڑھائی جائے‘۔

شیئر: