Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کلبھوشن کا سزا کے خلاف نظرثانی کی اپیل سے انکار

ایڈیشنل اٹارنی جنرل احمد عرفان نے بتایا کہ پاکستان نے عالمی عدالت کے فیصلے کے بعد اقدامات اٹھائے (فوٹو: اے یف پی)
پاکستانی حکام کے مطابق پاکستان میں گرفتار ہونے والے مبینہ انڈین جاسوس کلبھوشن جادھو نے اپنی سزا کے خلاف نظرثانی درخواست دائر کرنے سے انکار کردیا ہے۔
بدھ کو ایڈیشنل اٹارنی جنرل احمد عرفان اور ڈی جی جنوبی ایشیاء و سارک زاہد حفیظ نے  دفتر خارجہ اسلام آباد میں مشترکہ نیوز کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ کلبھوشن پاکستان میں تخریب کاری کے مختلف منصوبوں میں ملوث رہا ہے، پاکستان نے عالمی عدالت کے فیصلے کے بعد اقدامات اٹھائے۔
انہوں نے کہا کہ 'عالمی عدالت انصاف کے تحت نظر ثانی پٹیشن کے لیے 60 روز کا وقت ہے، ہم نے بھارتی حکومت کو مراسلہ بھیجا ہے اور ان کو تفصیلات سے آگاہ کیا ہے۔'
ایڈیشنل اٹارنی جنرل احمد عرفان کے بقول  انسانی بنیادوں پر کلبھوشن کی والدہ اور اہلیہ کی ملاقات کرائی اور  کلبھوشن جادھو کے والد کی ان سے ملاقات کرانے کی پیشکش بھی کی ہے۔
'کلبھوشن جادھو کی جانب سے رحم کی اپیل پر انڈیا کو آگاہ کیا جا چکا ہے، نظرثانی کا عمل ابھی جاری ہے اس حوالے سے 60 دن کا عرصہ ختم نہیں ہوا۔'
انہوں نے بتایا کہ 'ابھی قانونی مواقع موجود ہیں لہذا اس حوالے سے بھارت بطور ذمہ دار ریاست قانونی کارروائی کر سکتا ہے۔'
ایڈیشنل اٹارنی جنرل احمد عرفان کا مزید کہنا تھا کہ انڈیا کے پاکستان میں دہشت گرد سرگرمیوں میں ملوث ہونے کے کافی شواہد موجود ہیں۔ پاکستان کے اندر را کی سرگرمیوں کو بے نقاب کرتے رہیں گے۔

شیئر: