Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

وزیر صحت نے مسجد نبوی میں احتیاطی تدابیر کا جائزہ لیا

ڈاکٹرتوفیق الربیعہ مسجد کے تمام حصوں میں گئے۔ (فوٹو: اخبار 24)
 سعودی وزیر صحت ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے حفاظتی و صحت کی تدابیر کے معائنے کے لیے مسجد نبوی کا دورہ کیا ہے۔
اخبار 24 کے مطابق ڈاکٹر توفیق الربیعہ مسجد کے ہر حصے میں گئے۔ انہوں نے انتظامیہ سے سماجی فاصلہ قائم کرنے اور حفاظتی صحت ضوابط لاگو کرنے کے سلسلے میں انتظامات کے بارے میں معلوم کیا۔
یاد رہے کہ مسجد نبوی کی انتظامیہ اژدھام روکنے کے لیے متعدد پابندیاں لگائے ہوئے ہے جبکہ زائرین کو کورونا وائرس سے بچانے اور وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے آب زمزم کی فراہمی کا نظام بھی تبدیل کیا گیا ہے۔

مسجد نبوی میں داخلے سے قبل ہر زائر کا درجہ حرارت چیک کیا جا رہا ہے۔ (فوٹو: اخبار 24)

پہلے مسجد نبوی کے ایک، ایک حصے میں آب زمزم کے کولر رکھے جاتے تھے- ان دنوں یہ کولر اٹھا لیے گئے ہیں اور نمازیوں کو آب زمزم کی بوتلیں تقسیم کی جا رہی ہیں۔
مسجد نبوی میں داخلے سے قبل ہر زائر کا درجہ حرارت چیک کیا جا رہا ہے۔ ایسے کسی بھی زائر کو جو حفاظتی ماسک نہ پہنے ہوئے  ہو اندر جانے سے روک دیا جاتا ہے۔ وائرس لگنے سے بچانے کے لیے وضو خانے اور طہارت خانے بند رکھے گئے ہیں۔
مسجد میں نمازیوں کے درمیان سماجی فاصلہ برقرار رکھنے کے لیے نہ صرف یہ کہ علامتیں لگائی گئی ہیں بلکہ نگراں ٹیم نمازیوں سے فاصلے کی پابندی بھی کرا رہی ہے۔
 ادارہ امور حرمین کی جانب سے مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کیا جارہا ہے۔
سعودی وزارت صحت کی جانب سے مساجد میں باجماعت نماز کی ادائیگی کے لیے ایس او پیز جاری کیے گئے ہیں جن کے تحت ہر نمازی اپنی جائے نماز ساتھ لانے کا پابند ہے جبکہ مسجد آنے والوں کے لیے لازمی ہے کہ وہ ماسک استعمال کریں۔

شیئر: