Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ریئل اسٹیٹ اتھارٹی کے نئے ضوابط،مکان خالی کرانے کا نوٹس کب دیا جائے؟

ضوابط کے مطابق مالکان مخصوص حالات میں مکان خالی کرانے کے مجاز ہیں (فوٹو،ایکس)
جنرل اتھارٹی فار ریئل سٹیٹ نے رینٹل ایگریمنٹ کے حوالے سے نئے ضوابط جاری کردیئے ہیں۔ رہائشی شعبے میں مالکان کی جانب سے کرایہ دار کو مکان خالی کرنے کے لیے ایک برس قبل نوٹس جاری کرنا ہوگا۔
اخبار 24 کے مطابق ریئل اسٹیٹ اتھارٹی نے کرایہ دار اور مکان مالکان کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانے کےلیے نئے ضوابط کا اجرا کیا ہے جس کے تحت مکان مالک کو اس بات کا پابند کیا گیا ہے کہ مخصوص صورتوں کے علاوہ مکان خالی کرانے کے لیے کرایےکا معاہدہ ختم ہونے سے 365 دن قبل نوٹس جاری کرے تاکہ اس دوران کرایہ دار اپنے لیے مناسب بندوبست کرسکے۔
ریئل سٹیٹ اتھارٹی کی جانب سے کیے گئے فیصلے رہائشی شعبے میں مالکان اور کرایہ داروں کے حقوق کے تحفظ کےلیے جاری کیے گئے ہیں تاکہ اختلافات کو ختم کرتے ہوئے رینٹل سسٹم کے تحت معاملات کو بہتر بنایا جائے۔
خیال رہے پراپرٹی سیکٹر کی صورتحال کو بہتر بنانے خاص طورپر ریاض شہر میں بڑھتے ہوئے کرایوں کو کنٹرول کرنے کے لیے ایوان شاہی سے اس مد میں خصوصی ضوابط جاری کرنے کی ہدایات جاری ہونے پر جنرل اتھارٹی فار ریئل اسٹیٹ کی جانب سے نئے ضوابط جاری کیے گئے تھے۔

  مکانوں کے بڑھتے ہوئے کرایوں کے رجحان کو ختم کرنے کےلیے ضوابط جاری کیے گئے(فوٹو،ایکس )

اتھارٹی کی جانب سے جاری ضوابط میں مکان مالکان کو اس امر کا پابند کیا گیا تھا کہ وہ مکانوں کے کرایوں میں پانچ برس تک اضافہ نہیں کریں گے نہ ہی کرایہ دار سے مکان خالی کرائیں گے۔
مکان خالی کرانے کے حوالے سے اتھارٹی نے چند شرائط کا بھی اعلان کیا تھا جن کے مطابق مکان مالکان کو یہ ثابت کرنا ہو گا کہ وہ اپنی نجی ضرورت کے تحت مکان خالی کرانا چاہتا ہے یا مکان اپنے درجہ اول کے خونی رشتہ داروں کے لیے درکار ہے۔  

شیئر: