Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

آٹھ ماہ کا بچہ ’خود کشی‘ کرنے والے جوڑے کے پاس بیٹھا روتا رہا

پولیس کے مطابق بچے کو میڈیکل چیک اپ کے لیے ہسپتال پہنچا دیا گیا ہے (فوٹو: پیکسل)
دنیا بھر سے آئے روز دلخراش واقعات کی خبریں سامنے آتی رہتی ہیں اور ایسی ہی ایک خبر انڈیا کی ریاست اتر پردیش کے شہر نویڈا میں منظر عام پر آئی ہے جہاں ایک مرد اور خاتون اپنے گھر میں مردہ حالت میں پائے گئے جبکہ ایک چھوٹا بچہ ان کی لاشوں کے  پاس بیٹھا روتا رہا۔
انڈین نیوز چینل این ڈی ٹی کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ علاقے کے ایک رہائشی نے اس واقعے کی اطلاع دی اور بتایا کہ ایک گھر سے بچے کے رونے کی آواز آ رہی ہے۔
اس شخص نے پولیس کو بتایا کہ آوازیں دینے کے باوجود گھر سے کوئی جواب موصول نہیں ہو رہا جس پر پولیس موقعے پر پہنچی اور گھر کا دروازہ توڑا گیا۔

 

پولیس کا کہنا ہے کہ جب وہ گھر کے اندر داخل ہوئے تو ایک آٹھ مہینے کا بچہ دو لاشوں کے قریب بیٹھا تھا۔
ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ پولیس ران وجے سنگھ نے کہا کہ ’ابتدائی طور پر خود کشی کا معاملہ لگتا ہے لیکن ہماری ٹیم کو لاشوں کے قریب کوئی ایسی تحریر نہیں ملی۔
انکوائری کرنے پر معلوم ہوا کہ جوڑے کا تعلق بہار سے تھا اور انہوں نے جولائی کے پہلے ہفتے میں یہ گھر کرائے پر لیا تھا۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’لاشیں پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دی گئی ہیں اور بچے کو میڈیکل چیک اپ کے لیے ہسپتال پہنچا دیا گیا ہے۔‘
ڈی ایس پی نے کہا کہ ہلاک ہونے والوں کے خاندان والوں کو بہار میں اطلاع دے دی گئی ہے اور متعلقہ تھانے کو بھی بتا دیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق اس واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔

شیئر: