Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شیشہ فراہم کرنے والی کافی شاپ پر چھاپہ

’ایسے بند کمروں میں شیشہ فراہم کیا جارہا تھا جہاں ہوا کے اخراج کا بندوبست نہیں‘ ( فوٹو: سبق)
عسیر ریجن میونسپلٹی نے شیشہ پیش کرنے والہ ایک کافی شاپ کے خلاف کارروائی کی ہے جہاں کورونا وائرس کی حفاظتی تدابیر کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بند کمروں میں گاہکوں کو شیشہ فراہم کیا جا رہا تھا۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق عسیر ریجن میونسپلٹی کے سربراہ ڈاکٹر ولید الحمیدی نے کہا ہے کہ ’کافی شاپ ابہا شہر میں واقع ہے جس کے متعلق ہمیں اطلاع ملی تھی کہ وہاں تفتیشی اہلکاروں کی نظروں سے دور بند کمروں میں گاہکوں کو شیشہ فراہم کیاجا رہا ہے‘۔
’کافی شاپ پر چھاپہ مارنے کے لیے رات کے وقت کا انتخاب کیا گیا جس کے لیے تفتیشی ٹیم کے علاوہ پولیس کی بھی مدد لی گئی‘۔
’چھاپہ مارنے پر معلوم ہوا کہ کافی شاپ کی انتظامیہ نوجوانوں کو ایسے بند کمروں میں شیشہ فراہم کرتی ہے جہاں ہوا کے اخراج کا بھی مناسب انتظام نہیں‘۔
’گاہکوں کو غیر معیاری اور مضر صحت ماحول میں خدمات فراہم کرنے کے علاوہ حفاظتی تدابیر کی خلاف ورزی پر کافی شاپ میں کام کرنے والے تمام ملازمین کو گرفتار کیا گیا، وہاں موجود تمام سامان ضبط کیا گیا جبکہ مالک کو جرمانہ اور ضابطے کی کارروائی کے لیے طلب کیا گیا ہے‘۔
انہوں نے شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں سے تعاون کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’جہاں کہیں بھی خلاف ورزی دیکھی جائے تو فوری طور پر بلدیہ کو مطلع کیا جائے‘۔

شیئر: