Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

تفریحی مراکز بھی کھولنے کا اعلان

سوشل میڈیا پر مہم بھی شروع کردی گئی۔ (فوٹو العربیہ)
 سعودی عرب میں محکمہ تفریحات نے تفریحی مراکز کی سرگرمیوں کی بحالی کا اعلان کیا ہے۔
محکمہ تفریحات کے سربراہ ترکی آل الشیخ نے تفریحی مراکز کی سرگرمیاں بحال کرنے کا اعلان کیا۔ اس کا سلوگن ’ہماری تفریح محفوظ‘ ہے۔ سوشل میڈیا کے اکاؤنٹس پر اس حوالے سے مہم بھی شروع کردی گئی ہے۔
العربیہ نیٹ کے مطابق اس سے قبل محکمہ تفریحات نے تفریحی سرگرمیوں کی بحالی کے لیے گائیڈ بک جاری کی تھی، جس میں واضح کیا گیا تھا کہ تفریحی سرگرمیوں کی بحالی کن شرائط پر ہوگی۔
محکمہ تفریحات کا سارا زور اس بات پر ہے کہ شائقین کو تفریحی مراکز میں سیر و تفریح کرتے وقت کورونا وائرس سے ہر طرح سے محفوظ رکھا جائے۔
ان کی صحت و سلامتی کا بھرپور انتظام ہو۔ تفریحی مراکزمیں سماجی فاصلے کی پابندی ہو۔ جھولوں، کھیلوں اور ایک مرکز سے دوسرے مرکز کے درمیان محفوظ فاصلہ ہو۔
محکمہ تفریحات نے اطمینان دلایا ہے کہ گائیڈ بک پر نظر ثانی کر کے اسے آئندہ مرحلے کے حوالے سے جدید ترتیب دیا جائے گا۔ محکمے نے اپنی ویب سائٹ پر گائیڈ بک جاری کی ہے۔
گائیڈ بک میں کہا گیا ہے کہ ایسا کوئی بھی شخص جو اپنے اندر کورونا کی علامات محسوس کر رہا ہو، یا کورونا کے کسی مریض سے مل چکا ہو، اسے کسی بھی تفریحی پروگرام میں شرکت کی اجازت نہیں ہوگی۔
تفریحی سرگرمیوں اور پروگراموں کے تمام کارکنان اور شائقین وائرس سے بچاؤ کے ضوابط کے پابند ہوں گے۔
تفریحی مراکز اور پلے لینڈز کے منتظمین رہنما بورڈ نصب کریں جن میں حفاطتی تدابیر سے متعلق آگہی مہیا ہو۔
تفریحی سرگرمیوں اور پروگرامز کے دوران دو میٹر کا فاصلہ ضروری ہوگا۔

 شائقین کو فاصلے کی پابندی کرنی اور کرانا ہوگی۔ (فوٹو اے ایف پی)

دروازوں سے داخل ہوتے اور نکلتے وقت فاصلہ برقرار رکھنا پڑے گا۔ نو مربع میٹر کے دائرے میں صرف ایک شخص کو بیٹھنے کی اجازت ہوگی۔ تفریحی مراکز اور پلے لینڈز میں فرش اور راستوں پر فاصلے کے نشاندہی کرنی ہو گی۔
تفریحی مراکز اور پلے لینڈز آنے جانے والے راستے الگ کرنا ہوں گے۔ تفریحی مراکز اور پلے لینڈز کے ایک ایک حصے کو سینیٹائز کرنے کے علاؤہ حفاظتی ماسک اور سینیٹائزر فراہم کرنا ہوں گے۔ شائقین کو لائن میں لگتے وقت فاصلے کی پابندی کرنی ہو گی۔

شیئر: