Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عراقی نائب وزیراعظم کا دورہ سعودی عرب

رابطہ کونسل کے اجلاسوں میں شرکت کریں گے۔(فوٹو ایس پی اے)
عراق کے نائب وزیراعظم علی عبدالامیرعلاوی سعودی عرب کے سرکاری دورے پر اتوار کو دارالحکومت ریاض پہنچ گئے۔ ان کے ہمراہ عراق کے وزرا بھی ہیں۔
العربیہ نیٹ کے مطابق سعودی وزیر تجارت ڈاکٹر ماجد القصبی نے عراق کے نائب وزیراعظم اور ان کے ہمراہ آنے والے وفد کا کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے رائل ٹرمینل پر خیرمقدم کیا۔
عراقی وفد دونوں ملکوں کی رابطہ کونسل کے  اجلاس میں شرکت کے لیے مملکت آیا ہے۔ ایئرپورٹ پر استقبال کرنے والوں میں وزیر سرمایہ کاری خالد الفالح، وزیر صنعت و معدنیات بندرالخریف، وزیر نقل و حمل صالح الجاسر، نائب وزیر خزانہ ڈاکٹر حمد البازعی، نائب وزیراقتصاد و منصوبہ بندی و فیصل الابراہیم، گورنر محکمہ کسٹم احمد الحقبانی، گورنر محکمہ تجارت خارجہ عبدالرحمن الحربی اور عراق میں متعین سعودی سفیر عبدالعزیز الشمری شامل تھے۔

 وزیر تجارت ماجد القصبی نے عراق کے نائب وزیراعظم کا خیرمقدم کیا۔(فوٹو ایس پی اے)

عراقی وفد میں نائب وزیراعظم و وزیر منصوبہ بندی خالد بتال نجم ، وزیرپٹرولیم احسان عبدالجبار، وزیر صحت ڈاکٹر حسن التمیمی، وزیربجلی ماجد حنتوش، وزیر زراعت محمد الخفاجی، نوجوانوں و سپورٹس کے وزیر عدنان مطر، سیکریٹری جنرل عراقی کابینہ حمید الغزی،ِ سیکریٹری خارجہ ڈاکٹر عبدالکریم ہاشم اور مملکت میں متعین عراقی سفیر قحطان الجنابی شامل ہیں۔
سعودی اور عراقی وفود دونوں ملکوں کی رابطہ کونسل کے اجلاسوں میں شرکت کریں گے۔
سعودی عراقی رابطہ کونسل کا مقصد مختلف شعبوں میں سٹراٹیجک تعاون و رابطہ جات کو فروغ دینا ، نجی اداروں کے درمیان شراکت کا استحکام، اقتصادی، ترقیاتی امن و سلامتی، سرمایہ کاری، سیاحتی، ثقافتی اور ابلاغی شعبوں میں تعاون کے نئے راستے کھولنا، مشترکہ مفادات کا تحفظ اور اہم علاقائی و بین الاقوامی امور میں مشترکہ تعاون کو گہرا کرنا ہے۔

شیئر: