Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

تعلقات کے فروغ کے لیے عراقی نائب وزیر اعظم کا دورہ سعودی عرب

شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے نام عراق کے وزیراعظم کا پیغام پہنچایا (فوٹو عرب نیوز)
عراق کے نائب وزیر اعظم علی علاوی دونوں ممالک کے تعلقات کو فروغ دینے کے لیے سعودی عرب کا دورہ کر رہے ہیں۔
سعودی سرکاری خبر رساں ادارے ایس پی اے  کے مطابق عراق کے نائب وزیراعظم جو وزیر خزانہ بھی ہیں انہوں نے خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے نام عراق کے وزیراعظم مصطفیٰ الکاظمی کا ایک پیغام بھی پہنچایا ہے۔

سعودی وزیر توانائی شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان سے ملاقات میں تبادلہ خیال کیا۔ (فوٹو: العربیہ)

علی علاوی نے تیل منڈی کے استحکام اور مشترکہ مفاد سےمتعلق دیگر امور پرسعودی وزیر توانائی شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان سے ملاقات میں تبادلہ خیال کیا۔
ملاقات میں اوپیک پلس معاہدے  کے بعد تیل کی عالمی منڈی میں آنے والی بہتری کے بارے میں راحت کا اظہار کیا اور توازن کی بحالی میں تیزی لانے کے لیے تیل پیدا کرنے والے ممالک  کے ساتھ مل کر کام کرنے کی ضرورت پر اتفاق کیا جبکہ معاہدے پر دونوں ممالک کی وابستگی پر زور دیا۔

تیل کی عالمی منڈی میں آنے والی بہتری کے بارے میں راحت کا اظہار کیا گیا۔ (فوٹو: عرب نیوز)

نائب وزیراعظم علی علاوی نے سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان سے بھی ملاقات کی، انہوں نے عراقی حکومت کے قیام پر مبارکباد دی۔
شہزادہ فیصل نے کہا کہ شاہ سلمان، ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور سعودی حکومت عراقی عوام میں اتحاد برقرار رکھنے کی خواہش رکھتے ہیں اور مشترکہ مفادات کے حصول اور علاقائی سلامتی اور استحکام کو یقینی بنانے کے لیے نئی حکومت کے ساتھ تعاون کرنے کے لیے تیار ہیں۔

وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے عراقی حکومت کے قیام پر مبارکباد دی۔ (فوٹو: العربیہ)

انہوں نے دہشت گردی سے نمٹنے میں عراق کے لیے سعودی عرب کی معاونت اور کسی بھی غیر ملکی مداخلت کے بغیر عراقی خودمختاری اور علاقائی اتحاد کی ضرورت پر زور دیا۔
اس موقع پر سعودی-عراقی رابطہ کونسل کی اہمیت پر بھی روشنی ڈال گئی، جو دو طرفہ تعلقات کو فروغ دینے اور سیاست، معیشت، تجارت، سلامتی اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں باہمی تعاون کو بڑھانے کے لیے ایک میکانزم کے طور پر قائم کیا گیا تھا۔
شہزادہ فیصل بن فرحان کا کہنا تھا کہ دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینے کے تناظر میں سعودی قیادت نے عراق میں اپنے سفیر کو جلد سے جلد دوبارہ کام شروع کرنے کے لیے بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔
علی علاوی نے سعودی عرب کے وزیر تجارت اور خزانہ سے بھی ملاقات کی۔ دونوں فریقین نے دونوں ممالک کے مابین تعاون، سرمایہ کاری اور تجارتی تبادلے کو فروغ دینے کے طریقوں کے علاوہ کونسل کی سرگرمیوں سے متعلق دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا۔
 

شیئر: