Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

چاند دکھائی نہیں دیا، عید یکم اگست کو ہو گی

چاند دیکھنے کے لیے رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس کراچی میں ہوا (فوٹو عرب نیوز)
پاکستان میں ذوالحجہ کا چاند نظر نہیں آ سکا ہے جس کے بعد عید الاضحی یکم اگست 2020 بروز ہفتہ کو ہو گی۔
ذُوالحجہ1441 ہجری کا چاند دیکھنے کے لیے رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس منگل کے روز کراچی میں چیئرمین مفتی منیب الرحمن کی صدارت میں منعقد کیا گیا تھا۔
منگل کو مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے اعلان میں کہا گیا ہے کہ چاند نظر نہ آنے کی وجہ سے یکم ذوالحجہ 23 جولائی کو ہو گی جب کہ عید الاضحی 10 ذوالحجہ یعنی یکم اگست 2020 کو ہو گی۔

 

دنیا بھر کے مسلمان حضرت ابراہیمؑ کی سنت کی پیروی میں عیدالاضحی کے موقع پر قربانی کا اہتمام کرتے ہیں۔ اسی روز اسلام کے پانچ ستونوں میں سے ایک حج سے متعلق عبادات بھی مکمل ہوتی ہیں۔
رویت ہلال کمیٹی کے اعلان کے بعد وزارت مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفیکیشن میں بھی ذوالحج اور عیدالاضحی کی تاریخوں کی تصدیق کی گئی ہے۔
قبل ازیں وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے دعوی کیا تھا کہ ذوالحجہ کے چاند کی پیدائش ہو چکی ہے اور یہ کراچی و مضافات میں دکھائی دے گا۔
اپنی ٹویٹ میں فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ اگر بادل ہوں تو رویت ایپلیکیشن انسٹال کریں اور چاند کا درست مقام دیکھ لیں۔

گزشتہ روز سعودی عرب کی جانب سے بھی اعلان کیا گیا تھا کہ ذوالحجہ کا چاند نہیں دیکھا گیا ہے جس کے بعد ذوالقعدہ کے 30 ایام پورے کیے جائیں گے اور ذوالحج کا مہینہ بدھ 22 جولائی سے شروع ہو گا۔
سعودی عرب کے اعلان کے مطابق حج کے شرکا 30 جولائی کو وقوف عرفات کریں گے جب کہ عیدالاضحی 31 جولائی کو ہو گی۔
  • واٹس ایپ پر پاکستان کی خبروں کے لیے ’اردو نیوز‘ گروپ جوائن کریں

شیئر: