Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

قطر ایئرویز کو میوزک کاپی رائٹ کے مقدمے کا سامنا

قطر ایئرلائن  پر مقدمہ پرفارمنگ رائٹ سوسائٹی کی طرف سے کیا گیا ہے (فوٹو: ٹوئٹر)
قطر ایئرلائن نے اپنے طیاروں میں مسافروں کے لیے موسیقی نشر کرنے کے کاپی رائٹ کی خلاف ورزی کا ارتکاب کیا ہے۔ جس پر ایئرلائن کو مقدمے کا سامنا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق  لندن ہائیکورٹ کے جج کولن بیرس کی عدالت میں قطر کی سرکاری ایئرلائن کو قانونی لڑائی کے پہلے مرحلے میں شکست ہوئی ہے۔
ایئر لائن کی جانب سے طیاروں میں موسیقی سنانے کے کیس کی سماعت انگلینڈ کی بجائے دوحہ میں چلانے کی درخواست کی گئی تھی۔

ایئر لائن دوران پرواز مسافروں کو موسیقی کی سہولت فراہم کرتی ہے (فوٹو: عرب نیوز)

جج نے اس کیس کے بارے میں کہا ہےکہ جب اس کا تعلق قطر اور انگلینڈ دونوں ممالک سے جڑا ہے تو کارروائی کی سماعت کے لیے قطر لندن سے زیادہ بہتر فورم نہیں ہے۔
قطر ایئرلائن  پر یہ مقدمہ پرفارمنگ رائٹ سوسائٹی (PRS) کی طرف سے کیا گیا ہے۔ یہ سوسائٹی ہزاروں گیت لکھنے والوں، موسیقاروں اور میوزک پبلشرز کی رائلٹی کی نمائندگی کرتی ہے۔
پرفارمنگ رائٹ سوسائٹی نے عدالت میں الزام عائد کیا ہے کہ  قطر ایئر ویز بغیر لائسنس کے اپنی  پروازوں میں مسافروں کی تفریح کے لیے یہ موسیقی استعمال کر رہی ہے۔

پرفارمنگ رائٹ سوسائٹی نے جج کے فیصلے کا خیرمقدم کیا ہے (فوٹو: گلف ٹوڈے)

یہ سوسائٹی عام طور پر میوزک کے حقوق کی خلاف ورزی کرنے والی  ایئرلائن پر ہرجانے کا دعویٰ کرتی ہے۔
اکثر ایئرلائن عام طور پر اس سوسائٹی سے منسلک میوزک گروپوں کے لائسنس حاصل کرنے کے بعد  مسافروں کو موسیقی مہیا کرتی ہیں۔
لندن کی عدالت کے جج کولن بیرس نے کہا  ہے کہ  برطانیہ کی سوسائٹی کی جانب سے یہ عالمی سطح پر کاپی رائٹ کا تنازع  ہے جو قطر ائیرلائن کی طرف سےحقوق کی پامالی پر چلایا جا رہا ہے۔

قطر ایئرویز نے کارروائی  پر تبصرے سے گریز کیا (فوٹو: عرب نیوز)

پرفارمنگ رائٹ سوسائٹی نے جج کے اس فیصلے کا خیرمقدم کیا ہے جس میں قطر ایئرویز کو بلا معاوضہ موسیقی استعمال کرنے کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
پرفارمنگ رائٹ سوسائٹی کے چیف انٹرنیشنل اینڈ لیگل آفیسر سمیع  ویلکنن نے اس موقع پر کہا ہے کہ ’ہماری سوسائٹی میں شامل موسیقی کے ممبروں کے ساتھ طویل ناانصافی ہو رہی تھی۔ ان ممبروں کو مناسب معاوضہ دلانے کے لیے جج کے یہ ریمارکس ہماری جدوجہد کی جانب پہلا مثبت قدم ہے۔‘
انہوں نے کہا ہمیں امید ہے کہ یہ معاملہ موثر طریقے سے حل کیا جائے گا۔

جج نے کہا کہ کارروائی کی سماعت کے لیے قطر لندن سے زیادہ بہتر فورم نہیں (فوٹو: سوشل میڈیا)

سوسائٹی کا کہنا ہے کہ قطر ایئرویز کی جانب سے ہماری موسیقی کے لائسنس حاصل کرنے تک یہ کیس چلتا رہے گا۔
دسمبر سے جاری اس کارروائی میں سوسائٹی نے واضح کیا ہے کہ ایئرلائنز کئی دہائیوں سے کاپی رائٹ کے بغیر موسیقی استعمال کر رہی ہے۔
عرب نیوز کی درخواست پر قطر ایئرویز نے اس کیس کی کارروائی  پر تبصرہ کرنے کے لیےکوئی جواب نہیں دیا۔
واضح رہے کہ ایئر لائن اپنی ویب سائٹ پر تفریحی نظام کے طور پر مسافروں کو فلموں، ٹی وی شوز اور موسیقی کو براؤز کرنے کے لیے ایک ایپ پیش کرتی ہے۔
دریں اثنا امارات کے بعد مشرق وسطیٰ کی دوسری بڑی ایئرلائنز کو حالیہ برسوں میں ہمسایہ ممالک کی جانب سے فضائی حدود  کی پابندی عائد کرنے کے بعد خسارے کا سامنا ہے۔
یہ اقدام سعودی عرب، متحدہ عرب امارات ، بحرین اور مصر کی جانب سے دوحہ کے انتہا پسند گروپوں سے رابطوں پر قطر کے بائیکاٹ کا حصہ ہے۔
قطر ایئرویز کی جانب سے ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 2018 سے 2019 کے دوران ایئر لائن کو  639 ملین ڈالر کا نقصان ہوا ہے۔
ایئر لائن نے مئی 2020 میں یہ اعلان بھی کیا تھا کہ کورونا وائرس کے بعد  پروازوں میں کمی کے باعث وہ اپنے سٹاف میں 20 فیصد کمی کرے گی اور تنخواہوں میں بھی کٹوتی کی جائے گی۔
 

شیئر: