Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عازمین حج کا پہلا قافلہ مکہ پہنچ گیا

وزارت حج و عمرہ کے عہدیداروں نے عازمین حج کا خیرمقدم کیا۔(فوٹو العربیہ)
  اندرون سعودی عرب سے عازمین حج کا پہلا کاررواں جمعے کو مکہ مکرمہ پہنچ گیا۔ وزارت حج و عمرہ کے اعلی عہدیداروں نے محکمہ شہری ہوابازی کے تعاون سے کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ جدہ پر قصیم سے آنے والے عازمین حج کا خیرمقدم کیا۔
العربیہ نیٹ کے مطابق تمام متعلقہ اداروں نے اس سال حج کرنے والوں کی خدمت کے لیے انتظامات مکمل کرلیے۔ سیکیورٹی، صحت اور مختلف اداروں نے جامع عملی پروگرام پر عمل درآمد کا آغاز کردیا۔

 عازمین منی جانے سے قبل مکہ میں قیام کریں گے۔( فوٹو العربیہ)

یاد رہے کہ وزارت حج و عمرہ نے مکہ مکرمہ میں عازمین حج کو ٹھہرانے کے لیے انتظام کرلیا ہے جہاں وہ منی جانے سے قبل قیام کریں گے۔ 4 ذی الحجہ سے 8 ذی الحجہ تک ہوٹل میں رہیں گے۔ ہر عازم حج کے لیے ایک ایک کمرہ ہے۔کمرے میں آب زمزم کی سینیٹائز بوتلوں سے لے کر سنیکس، پھلوں اور مٹھائیوں کی باسکٹوں سمیت ناشتے ، ظہرانے اور رات کے کھانے تک کے انتظامات کیے گئے ہیں۔
دریں اثنا مکہ مکرمہ ڈیولپمنٹ اتھارٹی نے منی، مزدلفہ اور عرفات میں آپریشنل پلان جاری کردیا ہے۔
اتھارٹی کے ترجمان جلال کعکی نے بتایا کہ ہمارا سارا زور کورونا وائرس سے بچاؤ کے حفاظتی اقدامات پر ہے۔

مکہ مکرمہ ڈیولپمنٹ اتھارٹی نے آپریشنل پلان جاری کردیا ہے۔(فوٹو العربیہ)

کعکی نے العربیہ نیٹ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جمرات کے پل (وہ مقام جہاں شیطانوں کو کنکریاں ماری جاتی ہیں) کی اصلاح ومرمت اور اسے استعمال کرنے کے طور طریقوں کا انتظام کرلیا گیا ہے۔ تمام سسٹمز چیک کرلیے گئے ہیں۔
ترجمان نے بتایا کہ سی سی کیمروں کے روم موثر ہیں۔ حاجیوں کے قافلوں کو منظم کرنے اور حج مقامات پر صفائی کی سکیمیں تیار ہیں۔
انہوں نے مزید کہا  کہ ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے آپریشنل پلان کے تحت العزیزیہ اور الشعبین کو جمرات کے پل سے جوڑ دیا گیا ہے۔ الشعبین اور العزیزیہ پروجیکٹ کے ذمہ دار سیکیورٹی اداروں سے رابطے میں ہیں۔

شیئر: