Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حج کی کوریج کے لیے میڈیا گیٹ کا افتتاح

وزارت اطلاعات نے صحافیوں کی رجسٹریشن کے لیے لنک جاری کیا ہے (فوٹو ایس پی اے)
  سعودی عرب کے قائم مقام وزیراطلاعات ماجد القصبی نے پیر کو حج کوریج کے لیے میڈیا گیٹ کا افتتاح کیا ہے۔
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق ماجد القصبی نے کہا کہ میڈیا گیٹ سعودی اور بین الاقوامی ذرائع ابلاغ کو حج خبریں، رپورٹیں اور تمام ضروری معلومات فراہم کرے گا۔
حج میڈیا گیٹ کے ذریعے دنیا بھر میں موجود صحافی حج سے متعلق ابلاغی معلومات اور مواد آسانی سے حاصل کرسکیں گے۔
 
 قائم مقام وزیر اطلاعات نے حج میڈیا گیٹ کا اعلان آن لائن عظیم حج سیمینار میں شرکت کے موقع پر کیا ہے۔  
وزارت حج و عمرہ نے پیرکو زوم کے ذریعے حج سیمینار کی کارروائی شروع کی۔ اس سال حج سیمینار کا عنوان پیغمبر اسلام کے اقوال و اعمال کی روشنی میں صحت عامہ کے ضوابط ہے۔
 واضح رہے کہ راوں برس حج کوریج کے لیے وزارت اطلاعات کی جانب سے مقامی اور بین الاقوامی صحافیوں کی سہولت کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں جن کے تحت میڈیا سے متعلق افراد وزارت کی ویب سائٹ کے ذریعے تصاویر اور وڈیو فوٹیج کے علاوہ آن لائن پریس کانفرنس کا مواد حاصل کرسکیں گے۔ 
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے ‘ کے مطابق وزارت اطلاعات کی جانب سے رواں برس کورونا وائرس سے بچاو کے تحت خصوصی انتظامات کرتے ہوئے صحافیوں کو آن لائن مواد فراہم کرنے کے لیے ویب سائٹ جاری کی ہے جس پر لاگ ان کر کے حج کے حوالے سے تازہ ترین معلومات حاصل کی جا سکیں گی۔

صحافی حج سے متعلق معلومات اور مواد آسانی سے حاصل کرسکیں گے (فوٹو ایس پی اے)

وزارت اطلاعات نے مقامی اور بین الاقوامی صحافیوں کی رجسٹریشن کے لیے بھی خصوصی لنک جاری کیا ہے جس کے ذریعے پریس کانفرنس کی آن لائن کوریج اور ذمہ داروں سے سوالات بھی پوچھے جا سکتے ہیں۔ 
حج کوریج کرنے والی ویب سائٹ کو ’امن وسلامتی کے ساتھ‘ کا عنوان دیا گیا ہے۔ وزارت اطلاعات کی جانب سے کہا گیا ہے کہ سعودی عرب سے سینکڑوں صحافی جبکہ بیرون ملک سے 25 سو میڈیا سے متعلق افراد ویب سائٹ پر خود کو رجسٹر کروا چکے ہیں۔ 

شیئر: