اقامے، ویزے میں توسیع ہوئی یا نہیں، کیسے معلوم کریں؟
اقامے، ویزے میں توسیع ہوئی یا نہیں، کیسے معلوم کریں؟
جمعہ 31 جولائی 2020 7:55
جوازات میں تمام معاملات ہجری تاریخ سے انجام دیئے جاتے ہیں(فوٹو سوشل میڈیا)
سعودی عرب میں کورونا وائرس کی وجہ سے تاحال بین الاقوامی پروازوں کی آمد پر پابندی برقرار ہے۔ خصوصی پروازوں کے ذریعے مملکت میں موجود وہ تارکین جو اپنے وطن جانا چاہتے ہیں انہیں روانہ کیا جا رہا ہے۔
بیرون مملکت موجود تارکین کی جانب سے بیشتر سوالات بین الاقوامی پروازیں کھلنے اور ویزوں کے حوالے سے پوچھے جا رہے ہیں۔
محمد اکمل کا سوال ہے کہ ’جو افراد چھٹی پر مملکت سے باہر گئے ہیں ان کے اقاموں میں توسیع 20 اگست تک کی گئی ہےجبکہ شاہی فرمان تین مہینے کا ہے اس بارے میں معلومات درکار ہیں؟‘
جواب ۔ شاہی احکامات کے مطابق وہ تارکین وطن جو چھٹی پر اپنے ملک گئے ہیں ان کے اقاموں کی مدت میں تین ماہ کی توسیع کی گئی ہے۔
یہ توسیع آپ کے اقامے کی تاریخ کے مطابق کی گئی ہے۔ محکمہ پاسپورٹ جوازات میں تمام معاملات ہجری تاریخ سے انجام دیے جاتے ہیں اس لیے اقاموں اور خروج وعودہ کی مدت میں تین ماہ کی توسیع بھی ہجری کیلنڈر کے مطابق کی گئی ہے۔
کورونا وائرس کی وجہ سے جب مملکت میں کرفیو عائد تھا اس وقت سعودی عرب میں مقیم غیر ملکیوں کے اقاموں میں رعایت دی گئی تھی۔ اس وقت بھی توسیع تین ماہ کی تھی اب موجودہ دوسری رعایت بیرون مملکت گئے ہوئے تارکین کو دی گئی ہے جو تین ماہ کی ہے۔
عمر اعوان نے سوال کیا ہے فیملی وزٹ ویزے میں توسیع کیسے ہوگی؟
جواب ۔ شاہی رعایت کے مطابق وہ افراد جو فیملی وزٹ ویزے پر مملکت آئے ہیں ان کےلیے بھی خصوصی رعایت دی گئی ہے ایسے تمام غیر ملکی جو کسی بھی طرح کے وزٹ ویزے پر مملکت میں مقیم ہیں ان کے ویزوں کی مدت میں بھی تین ماہ کی توسیع کردی گئی ہے۔
وزٹ ویزے پر آنے والوں کی مدت میں توسیع خودکارطریقے سے کی گئی ہے۔ آپ اپنے ابشر اکاونٹ سے ویزے کی مدت میں کی گئی توسیع کے حوالے سے معلوم کرسکتے ہیں۔
آسیہ غلام نے استفسار کیا ہے میں پاکستان میں ہوں۔ اکتوبر میں میرا پاسپورٹ ختم ہو رہا ہے۔ اگر ختم ہونے سے دو یا تین ہفتے پہلے سعودی عرب آجاوں کو کوئی مسئلہ نہیں ؟
جواب ۔ آپ کا پاسپورٹ اکتوبر میں ختم ہو رہا ہے ممکن ہے اس وقت تک حالات نارمل ہو جائیں اور پروازیں بحال ہونے کی صورت میں کسی قسم کی مشکل نہیں ہوگی جب مملکت آجائیں تو دوسرا پاسپورٹ بنوا کراس کی معلومات جوازات کے مرکزی کمپیوٹر میں فیڈ کی جاسکتی ہیں۔
دوسرا طریقہ یہ ہے آپ اس عرصے میں جب آپ پاکستان میں مقیم ہیں اپنا پاسپورٹ تجدید کروا لیں تاہم ساتھ ہی پاسپورٹ آفس کو درخواست دیں کہ پرانا پاسپورٹ کینسل نہ کیاجائے۔ اگر اس دوران سفر پر عائد پابندی ختم ہو جاتی ہے اور پروازیں بحال ہو جاتی ہیں تو آپ پرانے پاسپورٹ پر جس کی مدت باقی ہوگی اس پرسفر کرسکتی ہیں۔
علی شیر کہتے ہیں خروج نہائی کا نظام کیا ہے۔ میں پاکستان جانا چاہتا ہوں مدد کریں۔
جواب ۔ موجودہ حالات میں خروج وعود ہ یا نہائی پرعمل درآمد جاری ہے۔ مملکت میں رہنے والوں کو جو واپس جانا چاہتے ہیں ان کے لیے کوئی پابندی نہیں۔ خصوصی پروازوں کے ذریعے مختلف ممالک کے لوگوں کو ان کے ملک بھیجا جارہا ہے ۔اس کے علاوہ محکمہ پاسپورٹ کی جانب سے خصوصی پروگرام ’عودہ‘ پر بھی عمل جاری ہے جس کے ذریعے آپ خروج نہائی حاصل کرکے اپنی بکنگ کراسکتے ہیں۔فلائٹ ملتے ہی آپ اس پر سفر کرسکتے ہیں۔