Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پروازوں کی بحالی پر ملٹی پل ویزوں میں توسیع کیسے؟

اقاموں اور ویزوں کی مدت میں توسیع مرحلہ وار کی جا رہی ہے (فائل فوٹو: اے ایف پی)
سعودی عرب میں تاحال کورونا وائرس کی وجہ سے  بین الاقوامی پروازیں بحال نہیں ہو ئیں۔ وہ تارکین وطن جو چھٹی پرگئے تھے ان کے خروج وعودہ اور اقامہ کی مدت میں خصوصی طور پر 3 ماہ کی توسیع کے احکامات صادر ہوچکے ہیں۔
شاہی احکامات کے مطابق مملکت سے باہر گئے ہوئے تارکین کے اقاموں اور خروج وعودہ کی مدت میں توسیع مرحلہ وار کی جا رہی ہے۔
قارئین اردو نیوز کی جانب سے اسی موضوع پر سوالات ارسال کیے جا رہے ہیں۔
بلال اختر دریافت کرتے ہیں کہ ’ میں چھٹی پر پاکستان آیا ہوا ہوں۔ میرا اقامہ ایکسپائر ہوگیا ہے۔ سعودی حکومت کے اعلان کے بعد میرے اقامہ کی مدت میں توسیع نہیں ہوئی اس کی کیا وجہ ہے۔ سعودی عرب واپس جانے کا طریقہ کیا ہوگا‘؟
جواب: آپ کو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ۔ سعودی حکومت نے ان تمام غیر ملکی کارکنوں کو جوچھٹی پر مملکت سے باہر گئے ہوئے ہیں خصوصی رعایت کا اعلان کرتے ہوئے ان کے خروج وعودہ اور اقاموں کی مدت میں مزید 3 ماہ کی توسیع کے احکامات جاری کردیے ہیں، تاہم ان پر مرحلہ وار عمل کیا جا رہا ہے آپ کی باری آنے پر اقامہ اور خروج وعودہ ’ ایگزٹ ری انٹری ‘ ویزے کے مدت میں خود کار طریقے سے توسیع کردی جائے گی۔
توسیع کیے جانے کے بعد آپ کے موبائل پر ایس ایم ایس کے ذریعے اطلاع بھی موصول ہوجائے گی۔ اگر سعودی عرب کے موبائل نیٹ ورک کی سم استعمال کر رہے ہیں تو اس پر پیغام موصول ہوجائے گا۔
اس بات کا خیال رکھیں کہ سعودی حکومت کی جانب سے انسانی ہمدردی کے اصولوں کو ہمیشہ ترجیح دی جاتی ہے۔ موجودہ کورونا وائرس کی وجہ سے تمام ممالک کے حالات خراب ہیں جس کے باعث بین الاقوامی پروازیں تاحال بحال نہیں کی گئیں۔

ویزے کی مدت میں کاؤنٹ ڈاؤن مملکت میں داخل ہونے پر شروع ہوتا ہے ( فوٹو: سوشل میڈیا)

موجودہ حالات کے پیش نظر اور انسانی ہمدردی کے اصول کو مقدم رکھتے ہوئے رمضان میں سعودی حکومت کی جانب سے مملکت میں رہنے والے تارکین کے اقاموں کی مدت میں 3 ماہ کی توسیع کی گئی تھی جس کی کوئی اضافی فیس بھی نہیں لی گئی۔ اسی طرح اب ان غیر ملکی کارکنوں کے لیے رعایت دی گئی ہے جو بیرون مملکت چھٹی پر گئے ہوئے ہیں اور موجودہ حالات کی وجہ سے مملکت نہیں آسکے۔
محمد معراج: ایک سال کا ملٹی پل بزنس ویزے والوں کے لیے سعودی حکومت نے کیا مراعات دی ہیں کیونکہ لاک ڈاؤن کی وجہ سے ان ویزا ہولڈرز کے اب تک 6 ماہ ضائع ہوچکے ہیں‘؟
جواب: سعودی عرب میں وزٹ ویزے کے لیے مقررہ قوانین کے مطابق ویزے کی مدت میں کاؤنٹ ڈاؤن اس وقت سے شروع ہوتا ہے جب آپ مملکت میں داخل ہوں گے۔
کورونا وائرس کے حوالے سے موجودہ حالات غیر معمولی ہیں جن کے پیش نظر سعودی حکومت کی جانب سے خصوصی مراعات کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔ کورونا وائرس کی وجہ سے عائد پابندیوں کا نفاذ مارچ کے تیسرے ہفتے سے کیا گیا تھا جو تاحال جاری ہیں۔

وزٹ ویزوں کے لیے 3 ماہ کی اضافی مدت کا اعلان کیا گیا ہے (فوٹو: سوشل میڈیا)

اس بارے میں سعودی حکام نے ایسے ویزا ہولڈرز کے لیے جنہوں نے ویزے استعمال نہیں کیے رعایت دیتے ہوئے اعلان کیا تھا کہ وہ موجودہ حالات کی وجہ سے مملکت نہیں آسکے اس لیے ان کے ویزوں کی مدت میں توسیع کر دی جائے گی۔
آپ کا کیس بھی مذکورہ رعایت میں شامل ہے۔ اس حوالے سے مزید یہ کہ جب حالات نارمل ہو جائیں گے اور پروازوں پر عائد پابندی ختم ہوجائے گی تو اس وقت قوانین میں مزید تبدیلیاں ہوں گی جن کے اعلان کے ساتھ ہی اردو نیوز میں انہیں شائع کرنے کا خصوصی اہتمام کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ سعودی عرب میں حکومت کی جانب سے وزٹ ویزوں پر آنے والوں کے لیے 3 ماہ کی اضافی مدت کا اعلان کیا گیا ہے جس کے لیے کسی قسم کی فیس نہیں ہوگی تمام وزٹ ویزا ہولڈرز کے قیام کی مدت میں توسیع خودکار طریقے سے کی جائے گی۔
  • واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں

شیئر: