Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جنوبی افریقہ: 24 ہزار ہیلتھ ورکرز کو کورونا

آسٹریلیا کی وکٹوریا سٹیٹ میں ریکارڈ 15 ہلاکتیں رپورٹ ہوئی ہیں (فوٹو: اے ایف پی)
دنیا بھر میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد سات لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے اور  متاثر ہونے والے افراد کی تعداد ایک کروڑ ساڑھے 85 لاکھ سے زائد ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق امریکہ میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 53 ہزار سے زیادہ کیسز رپورٹ ہوئے ہیں اور 13 سو زیادہ اموات ہوئی ہیں۔
امریکہ میں کورونا متاثرین کی کُل تعداد 47 لاکھ 71 ہزار سے زائد ہو چکی ہے جبکہ ہلاکتیں ایک لاکھ 56 ہزار 839 ہیں۔
ادھر فرانس اور نیدرز لینڈ نے کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے ماسک پہننے کی پابندی مزید سخت کر دی ہے۔
آسٹریلیا کی وکٹوریا سٹیٹ میں ریکارڈ 15 ہلاکتیں رپورٹ ہوئی ہیں اور 725 نئے کیسز سامنے آئے ہیں جبکہ نیو ساؤتھ ویلز اور کوئینز لینڈ میں کورونا وائرس کے حوالے سے پابندیاں مزید سخت کی جا رہی ہیں۔
برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق چین میں کورونا وائرس کے 27 نئے کیسز سامنے آئے جبکہ اس سے ایک روز قبل 36 مریضوں کی تصدیق ہوئی تھی۔
چین کے نیشنل ہیلتھ کمیشن کے مطابق  وائرس کی علامات ظاہر نہ کرنے والے 24 نئے مریضوں کی بھی تصدیق ہوئی ہے۔
امریکہ کے بعد دنیا میں برازیل کورونا وائرس سے بری طرح متاثر ہے اور وہاں کیسز کی تعداد ساڑھے 28 لاکھ سے زیادہ ہو چکی ہے اور اموات 96 ہزار کے قریب ہیں۔
 انڈیا کورونا سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک کی فہرست میں تیسرے نمبر پر ہے جہاں اب تک 19 لاکھ  سے زیادہ افراد متاثر ہوئے ہیں، اور 39 ہزار 795 ہیں جو اٹلی اور فرانس سے بھی زیادہ ہیں۔ 

جنوبی افریقا میں کورونا سے اب تک 24 ہزار ہیلتھ ورکرز متاثر ہوچکے ہیں (فوٹو: اے ایف پی)

روس میں کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد آٹھ لاکھ 64 ہزار سے بڑھ گئی ہے جب کہ ہلاکتوں کی تعداد 14 ہزار 465 ہے۔ 
جنوبی افریقا میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ سے اب تک 24 ہزار ہیلتھ ورکرز متاثر ہوچکے ہیں جس میں 181 ہلاک ہوگئے ہیں۔
جنوبی افریقہ میں کورونا متاثرین کی کُل تعداد پانچ لاکھ 21 ہزار سے زیادہ ہے، اور آٹھ ہزار 884 افراد اب تک وبا سے ہلاک ہو چکے ہیں۔

شیئر: