Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شاہ سلمان کے حکم پر لبنان کے لیے امدادی سامان کا فضائی پل

شاہ سلمان مرکز واحد ادارہ ہے جسے عطیات حاصل کرنے کا اختیار ہے- فوٹو اخبار 24
خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے بیروت بندرگاہ دھماکے کے تناظر میں لبنان کے لیے امدادی سامان  فراہم کرنے کا حکم دے دیا- امدادی سامان  ہوائی جہازوں کے ذریعے ہنگامی بنیادوں پر لبنان بھیجا جائے گا- یہ کام شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات انجام دے گا-
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے  مطابق شاہ سلمان مرکز نے کہا ہے کہ مملکت میں کسی بھی ادارے یا تنظیم کو کسی بھی ملک یا کسی بھی کمیونٹی یا کسی بھی ادارے یا کسی بھی تنظیم کے لیے عطیات جمع کرنے کی اجازت نہیں- جو بھی ایسا کرے گا وہ قانون کی خلاف ورزی کا مرتکب ہوگا- شاہی فرامین کے مطابق شاہ سلمان مرکز واحد ادارہ ہے جسے عطیات، امدادی سامان یا فلاحی اعانت یا انسانیت نواز تعاون حاصل کرنے کا اختیار ہے- لہذا کوئی بھی سرکاری یا نجی ادارہ اپنے طور پربیرون ملک کسی کی بھی مدد اپنے طور پر نہیں کرسکتا-

عطیات کادائرہ شاہ سلمان مرکز تک ہی محدود رکھا جائے- فوٹو العربیہ

شاہ سلمان مرکز نے بیان جاری کرکے کہا کہ ذرائع ابلاغ یا سوشل میڈیا پر عطیات کے  حوالے سے گردش کرنے والی اپیلوں اور کسی بھی وڈیو کلپ پر کان نہ دھڑا  جائے-
شاہ سلمان مرکز نے توجہ دلائی کہ اس بات کا خدشہ ہے کہ مشکوک ادارے انسانی بحران کا ناجائز فائدہ اٹھا کر منی لانڈرنگ یا دہشتگردی کی فنڈنگ کا کوئی چکر نہ چلائیں- عطیات کادائرہ شاہ سلمان مرکز تک ہی محدود رکھا جائے-
شاہ سلمان مرکز نے اپنے  بیان میں یہ بھی کہا ہے کہ مندرجہ ذیل پتے پر عطیات وصول کرنے کے    لیے ای گیٹ donate.ksrelief.org کا بندوبست کردیا گیا ہے- اسی طرح 5565 پر ایس ایم ایس کرکے بھی عطیات دیے جاسکتے ہیں- جبکہ شاہ سلمان مرکز کے بینک اکاؤنٹس سعودی فرانسی بینک، الانما بینک اور البلاد بینک میں براہ راست رقم بھی جمع کرائی جاسکتی ہے-

 

خود کو اپ ڈیٹ رکھیں، واٹس ایپ گروپ جوائن کریں

شیئر: