مطالعے سے نمائش تک: العلا کے نوجوان آثارِ قدیمہ اور ثقافتی ورثے کے سفیر
نوجوان لڑکوں اور لڑکوں کے ایک گروپ نے نمائش کا انعقاد کیا ہے (فوٹو: ایس پی اے)
العلا میں نوجوان لڑکوں اور لڑکوں کے ایک گروپ نے علاقے کی تاریخ، آثار قدیمہ اور ثقافتی ورثے کو متعارف کرانے کے لیے ’ایک جاری کہانی‘ کے عنوان نمائش کا اہتمام کیا ہے۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق آرٹس ڈسٹرکٹ میں واقع ’الورشہ‘ ہال میں آثارِ قدیمہ اور تاریخی ورثے کی 25 سے زائد اشیا رکھی گئی ہیں جن میں پتھر کے اوزار، کتبے، قدیم سکے، مٹی کے برتن، زیورات، کتابیں، تصاویر اور تاریخی دستاویزات شامل ہیں۔
یہ نوادارت ہزاروں سال پر محیط العلا کی تاریخ، روزمرہ زندگی، تجارتی امور اور مختلف تہذیبوں کے درمیان روابط کی عکاسی کرتے ہیں۔
نمائش کو چار بنیادی کیٹگریز میں تقسیم کیا گیا ہے۔ پہلا شعبہ ’تحریر سے قبل کا دور‘، دوسرا ’باقی رہ جانے والے الفاظ‘ ، تجارتی راستے جبکہ چوتھی کیٹگری ’دستاویزات اور یادداشتیں‘ ہیں۔ وزیٹرز کو العلا کی تاریخ کے مختلف ادوار اور اس کے مادی و تحریری آثار کو سمجھنے کا موقع ملتا ہے۔
نمائش کے انتظامات میں العلا کے مقامی نوجوانوں کی بھرپور شرکت نے یہ ثابت کر دیا کہ وہ اپنے تاریخی ورثے کے تعارف اور تحفظ میں فعال کردار ادا کر رہے ہیں۔

نوادرات کے مطالعے اور ان کی تاریخی اہمیت واضح کرنے والے مواد کی تیاری سے نہ صرف یہاں آنے والے سیاحوں کو ماضی سے آگاہ کیا جا رہا ہے بلکہ مقامی آبادی کی اپنے تہذیبی ورثے کی نمائندگی بھی مضبوط ہو رہی ہے۔
یہ نمائش، عجائب گھروں کے مطالعات اور نمائشوں کی ترتیب و تیاری سے متعلق ایک خصوصی تربیتی پروگرام کا حصہ ہے جسے لندن کی یونیورسٹی ’ایس او اے ایس‘ کے تعاون اور برٹش کونسل کی شراکت سے ’العلا سکالرشپس پروگرام‘ کے تحت منعقد کیا گیا ہے۔

تربیتی پروگرام کے ذریعے شرکا کو نوادرات کی دیکھ بھال اور ان کی حفاظت کے علاوہ تعارفی مواد کی تیاری اور نمائش کے جدید طریقوں سے متعلق اپنے مہارتوں میں اضافہ کرنے کا موقع ملتا ہے۔
یہ نمائش پانچ دسمبر تک بدھ سے اتور شام چار سے رات 11 بجے تک جاری رہے گی۔
