حج کانفرنس و نمائش: عازمین کو فراہم کی جانے والی نئی خدمات اور سہولیات کیا ہیں؟
منگل 10 نومبر 2026 6:07
ارسلان ہاشمی ۔ اردو نیوز، جدہ
سب سے بڑا پویلین وزارتِ حج وعمرہ کی جانب سے لگایا گیا ہے (فوٹو: ایس پی اے)
جدہ سپر ڈوم میں حج کانفرنس و نمائش کے چھٹے ایڈیشن کے دوسرے روز بھی بڑی تعداد میں اندرون و بیرونِ مملکت بڑی تعداد میں وزیٹرز کی آمد کا سلسلہ صبح سے جاری رہا۔
سپر ڈوم کے اطراف میں وسیع و عریض پارکنگ لاٹ سے وزیٹرز کو نمائش گاہ منتقل کرنے کے لیے خصوصی شٹل سروس کے انتظامات کیے گئے ہیں۔
وزارتِ حج وعمرہ کی زیرِ نگرانی چار روزہ انٹرنیشنل کانفرنس و نمائش میں مختلف ممالک کے حج وفود اور پرائیوٹ ٹور آپریٹرز حج سیزن میں عازمین کو فراہم کی جانے والی خدمات کے حوالے سے خصوصی دلچسپی لے رہے ہیں۔ ان کا مقصد ایسے اداروں سے معاہدے کرنا ہے جو ان کی زیرِ نگرانی آنے والے عازمین کو بہتر سے بہتر خدمات فراہم کریں۔
سپر ڈوم میں سب سے بڑا پویلین وزارتِ حج و عمرہ کی جانب سے لگایا گیا جہاں وزیٹرز کو حج کے مناسک کی ادائیگی کے حوالے سے فراہم کی جانے والی خدمات کے بارے میں آگاہ کیا جا رہا ہے۔ وزارتِ حج کے ’نسک‘ پورٹل کے بارے میں بھی آگاہی فراہم کرنے کے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔
سعودی عرب کی قومی فضائی کمپنی’ السعودیہ‘ کی جانب سے بھی خصوصی پویلین لگایا گیا جہاں ایئرلائن کی جانب سے حج ٹور کے بارے میں مکمل معلومات فراہم کی جا رہی ہیں۔

وزارتِ داخلہ کے زیرِ انتظام سکیورٹی اداروں کے پویلین میں وزیٹرز کا سب سے زیادہ رش دیکھا گیا جہاں سکیورٹی سروسز اور امنِ عامہ کے حوالے سے معلومات فراہم کرنے کا سلسلہ جاری رہا۔
انتظامیہ کی جانب سے اس سال صحت سے متعلق خدمات فراہم کرنے والے اداروں کے لیے خصوصی زون مخصوص کیا گیا ہے جہاں وزارتِ صحت کے علاوہ نجی صحت اداروں کے پویلین بھی لگائے گئے ہیں۔
ٹرانسپورٹ سروسز کے حوالے سے ایک نجی کمپنی کے سٹال پر اس سال متعارف کرائی جانے والی الیکٹرک منی بس کا ماڈل بھی رکھا گیا جس میں 17 افراد کے بیٹھنے کی گنجائش ہے۔

نمائش میں ’وی آر‘ ٹیکنالوجی کے ذریعے ’ہجرت‘ کے موضوع پر مصنوعی ذہانت کے استعمال سے بنائی گئی ڈیجیٹل وڈیوز توجہ کا مرکز بنی رہیں۔
ان وڈیوز میں اردو سمیت 26 زبانوں میں ’ہجرت نبوی‘ کے واقع کو بیان کیا گیا تھا۔

مکہ میونسپلٹی کی جانب سے بھی خصوصی پویلین لگایا گیا جہاں حج سیزن کے دوران مکہ مکرمہ اور مشاعر مقدسہ کے شہری انتظامات کے بارے میں معلومات کی فراہمی کا سلسلہ جاری ہے۔
نمائش میں بیرونی مملکت سے آنے والے حج ٹور آپریٹرز کے نمائندے اور ذمہ داران مقامی حج خدمات فراہم کرنے والی کمپنیوں کے عہدیداروں سے ملاقاتیں کر رہے جن میں عازمین کی رہائش کے انتظامات، کیٹرنگ سروسز، ٹرانسپورٹ کی خدمات وغیرہ شامل ہیں۔
