Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جینسن ہوانگ اور ’چینی جاسوس خاتون‘ کے تعلقات کا معاملہ سنگین، ایف بی آئی نے تحقیقات شروع کردیں

جینسن ہوانگ صدر ٹرمپ کے قریب سمجھے جاتے ہیں جنہیں انہوں نے اعلیٰ امریکی اعزاز سے بھی نوازا تھا (فوٹو: اے ایف پی)
امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وفاقی تحقیقاتی ادارہ (ایف بی آئی) این ویڈیا کے چیف ایگزیکٹیو جینسن ہوانگ کے ایک چینی خاتون سے مبینہ تعلقات کی تحقیقات کر رہا ہے جن پر چین کے لیے جاسوسی کا الزام ہے۔
برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق پیر کو واشنگٹن میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی صدر کا کہنا تھا کہ وہ جینسن ہوانگ کے بارے میں سامنے آنے والے الزامات پر حیران ہیں جو کہ سیلیکون ویلی میں صدر ٹرمپ کے قریبی اتحادیوں میں شمار ہوتے ہیں۔
’میں نے جینسن ہوانگ سے بات کی، انہوں نے بتایا کہ کہ انہیں معلوم نہیں تھا کہ خاتون جاسوس ہیں۔‘
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ایف آئی اے نے اس معاملے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں اور ان کے خیال میں جینسن ہوانگ اس معاملے سے محفوظ طور پر نکل آئیں گے۔
دوسری جانب این ویڈیا کے بورڈ نے بھی اس بات کی تحقیقات شروع کر دی ہیں کہ آیا کمپنی کے سربراہ کسی غیر ملکی خفیہ ادارے کا ہدف تھے۔
پیر کو یہ خبر سامنے آنے کے بعد این ویڈیا کے حصص کی قیمتوں میں چار فیصد سے زائد کمی ریکارڈ کی گئی۔
اتوار کو ہونے والے تحقیقات کے اعلان کے بعد 63 سالہ جینسن ہوانگ کے مستقبل کے حوالے سے سوالات کھڑے ہوئے ہیں۔
این ویڈیا دنیا کی سب سے زیادہ مالیت رکھنے والی چِپ بنانے والی کمپنی ہے جبکہ جینسن ہوانگ مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے شعبے میں سب سے نمایاں کاروباری شخصیات میں شمار ہوتے ہیں۔
رپورٹ سامنے آنے کے بعد جینسن ہوانگ کا کہنا تھا کہ انہوں نے اپنی اہلیہ کے ساتھ بے وفائی کی، تاہم اس معاملے کے بارے میں مزید تفصیلات نہیں بتائیں۔
چمڑے کی جیکٹس پہننے کے شوقین جینسن ہوانگ دنیا بھر میں کسی راک سٹار جیسی شہرت رکھتے ہیں خصوصاً ایشیا میں، جہاں وہ اکثر اپنے مداحوں کے ساتھ گھلتے ملتے دیکھے گئے ہیں۔
ان کے ساتھ سیلفیاں بنواتے ہیں اور آٹوگراف بھی دیتے ہیں۔

جینسن ہوانگ کا کہنا ہے کہ انہیں علم نہیں تھا کہ خاتون چین کی جاسوس ہیں (فوٹو: روئٹرز)

ایل ایس ای جی کے اعداد و شمار کے مطابق جینسن ہوانگ این ویڈیا کے پانچویں بڑے شیئر ہولڈر ہیں اور کمپنی میں ان کے حصص تقریباً 3.6 فیصد ہیں۔ کمپنی کے انتظامی ڈھانچے پر بھی ان کی مضبوط گرفت ہے جہاں درجنوں اعلیٰ عہدیدار براہِ راست انہیں جواب دہ ہیں۔
تاہم مارک زکربرگ کی کمپنی میٹا یا ایلون مسک کی سپیس ایکس کے برعکس این ویڈیا میں دوہری اقسام کے شیئرز کا نظام موجود نہیں جس سے شریک بانی جینسن ہوانگ کو فیصلوں میں آسانی ہوتی ہے۔
نیویارک ٹائمز کی ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ صدر ٹرمپ کو جینسن ہوانگ کے اس خاتون سے تعلقات اور اس کی جانب سے چینی حکومت کو معلومات فراہم کرنے کے بارے میں آگاہ کیا گیا تھا تاہم صدر نے اس معاملے پر کارروائی نہ کرنے کا فیصلہ کیا۔
دوسری جانب چین نے خاتون کی وساطت سے لگائے جانے والے الزامات کی تردید کی ہے۔
چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے بیجنگ میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’چین پر جاسوسی کے الزام کی کہانی بے بنیاد ہے اور بہتان اور کردار کشی کے سوا کچھ نہیں۔‘
جینسن ہوانگ کے صدر ٹرمپ کے ساتھ تعلقات سے این ویڈیا کمپنی کو کافی فائدہ بھی پہنچا، صدر کئی بار اس کی تعریف بھی کر چکے ہیں جبکہ اکتوبر میں ان کو سائنسی کامیابیوں کے شعبے میں سے امریکہ کے سب سے اعزاز سے بھی نوازا تھا۔

شیئر: