کینڈی کے انعام سے عرب ریڈنگ چیلنج تک، سعودی طالبعلم کی ’پڑھنے‘ کی کہانی
کینڈی کے انعام سے عرب ریڈنگ چیلنج تک، سعودی طالبعلم کی ’پڑھنے‘ کی کہانی
منگل 10 نومبر 2026 10:51
الزکری کے مطالعے کا سفر کنڈرگارٹن میں اس وقت شروع ہوا تھا جب ان کی والدہ نے انہیں مٹھائی کے بدلے پڑھنے کی ترغیب دی (فوٹو: عرب نیوز)
دسویں عرب ریڈنگ چیلنج میں تیسری پوزیشن حاصل کرنے کے چار دن بعد بھی سعودی طالب علم ریان بن ادیب الزکری اس سفر پر غور کر رہے ہیں جو انہیں کنڈرگارٹن میں کینڈی کے انعام سے شروع ہونے والی مطالعے کی عادت سے عرب دنیا کے سب سے بڑے ادبی پلیٹ فارم تک لے گیا۔
عرب نیوز کے مطابق الاحساء سے تعلق رکھنے والے 11 سالہ الزکری نے 29 اکتوبر کو دبئی میں منعقد ہونے والے اس مقابلے کے عالمی فائنلز میں تیسری پوزیشن حاصل کی اور 70 ہزار اماراتی درہم (19 ہزار ڈالر) کا انعام جیتا۔
وہ کوالیفائنگ کے متعدد مراحل طے کر کے عرب دنیا اور اس سے باہر کے لاکھوں شرکاء کا مقابلہ کرتے ہوئے یہاں تک پہنچے تاہم الزکری کے لیے یہ کامیابی کسی انعام یا سٹیج پر کھڑے ہونے سے کہیں بڑی چیز کی نمائندگی کرتی ہے۔
انہوں نے عرب نیوز کو بتایا کہ ’میرا آغاز کینڈیز کی محبت سے ہوا تھا لیکن آج میں علم کی محبت میں پڑھتا ہوں۔‘
ان کے مطالعے کا سفر کنڈرگارٹن میں اس وقت شروع ہوا تھا جب ان کی والدہ نے انہیں مٹھائی کے بدلے میں جو کچھ بھی مل سکے پڑھنے کی ترغیب دی۔ بچپن کی ایک چھوٹی سی ترغیب سے شروع ہونے والا یہ سلسلہ آہستہ آہستہ کتابوں اور علم کے لیے ایک سچے شوق میں بدل گیا۔
الزکری نے مقابلے کے دوران 260 کتابیں پڑھیں اور سعودی عرب کے کوالیفائنگ مراحل میں تقریباً 23 لاکھ شرکاء کے درمیان سے آگے بڑھتے ہوئے عالمی فائنلز میں جگہ بنائی جس میں 60 ممالک کے طلبہ اور چار کروڑ سے زائد شرکاء جمع تھے۔
فائنل راؤنڈ کے دوران ان کی کارکردگی نے وسیع توجہ حاصل کی، خاص طور پر پیغمبر اسلام کی صفات سے متعلق ایک سوال پر ان کا جواب، جس نے اتنی چھوٹی عمر میں ان کے اعتماد، فصاحت اور برجستہ بولنے کی صلاحیت کو ظاہر کیا۔
اپنی مطالعے کی عادات پر بات کرتے ہوئے الزکری نے کہا کہ کتابوں نے اپنے آپ کو اور اپنے ارد گرد کی دنیا کو دیکھنے کے انداز کو بدل دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ’مجھے ہر قسم کی کتابیں پسند ہیں۔ میں اپنی زبان کو بہتر بنانے کے لیے لسانیات کی کتابیں پڑھتا ہوں، تاریخ اور اپنے سے پہلے گزرے لوگوں کے بارے میں جاننے اور ان کے تجربات سے فائدہ اٹھانے کے لیے ادب پڑھتا ہوں اور اپنے ارد گرد کی دنیا کو سمجھنے کے لیے سائنس پڑھتا ہوں۔‘
الزکری نے عرب نیوز کو بتایا کہ ’میرا آغاز کینڈیز کی محبت سے ہوا تھا لیکن آج میں علم کی محبت میں پڑھتا ہوں‘ (فوٹو: عرب نیوز)
سائنس اور سائنس فکشن ان کی پسندیدہ اصناف میں شامل ہیں۔ انہوں نے شیخ محمد بن راشد آل مکتوم کی کتاب ’میری کہانی‘ کا بھی ذکر کیا جو ان پر گہرا اثر چھوڑنے والی کتابوں میں سے ایک ہے کیونکہ یہ زندگی کے مختلف مراحل میں سبق فراہم کرتی ہے۔
سکول اور مقابلے کی تیاری کی مصروفیات کے باوجود الزکری کا کہنا تھا کہ مطالعہ کبھی بھی ان کی پڑھائی کے حرج کا باعث نہیں بنا۔
انہوں نے کہا کہ ’کامیابی کا راز وقت کو صحیح مینیج کرنا ہے، اس پر دباؤ ڈالنا نہیں ہے۔‘
اپنے وقت کو سکول کے کام اور مطالعے کے خاص سیشنز میں تقسیم کر کے وہ تعلیمی کارکردگی اور کتابوں کے شوق دونوں کو برقرار رکھنے میں کامیاب رہے۔
انہوں نے کہا کہ ’مطالعہ کبھی بھی بوجھ یا سکول کے وقت کو ضائع کرنے والی چیز نہیں رہا بلکہ یہ میری سمجھ کو وسیع کرنے اور معلومات کو جذب کرنے کی صلاحیت کو بہتر بنانے کا ایک اہم ذریعہ بن گیا۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ان کی اس کامیابی کے پیچھے ان کے والدین اور اساتذہ کی سرپرستی کا بڑا ہاتھ ہے۔
ان کی والدہ نے بتایا کہ ان کے خاندان نے اس کامیابی کی خبر بے پناہ خوشی اور فخر کے ساتھ سنی ’ہم نے یہ خبر بہت خوشی کے ساتھ سنی، وہ واقعی اس کامیابی کا حقدار ہے۔ اس نے اپنے پورے سفر میں سخت محنت کی ہے اور اس میں وہ عزم ہے جو اسے آج اپنی کوششوں کا پھل پانے کے قابل بناتا ہے۔‘
الزکری نے کہا کہ ’کامیابی کا راز وقت کا صحیح مینیج کرنا ہے، اس پر دباؤ ڈالنا نہیں ہے‘ (فوٹو: عرب نیوز)
الزکری نے اپنی دوسری جماعت کے استاد مروان الحواس کو کریڈٹ دیا جنہوں نے سب سے پہلے ان میں مطالعے اور عوام کے سامنے بولنے کی صلاحیت کو پہچانا۔ انہوں نے اساتذہ مہنا المہنا اور احمد الجاسر کا بھی ان کے تعلیمی سفر اور عرب ریڈنگ چیلنج میں شرکت کے دوران حوصلہ افزائی کرنے پر شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے حمد الجبر سکول کمپلیکس اور الاحساء ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کا بھی ان کی شرکت میں تعاون کرنے پر شکریہ ادا کیا۔
مستقبل کی طرف دیکھتے ہوئے الزکری فزکس اور میڈیکل سائنسز بالخصوص نیورو سائنس میں تعلیم حاصل کرنے کی امید رکھتے ہیں اور ساتھ ہی مطالعے کی ان عادات کو جاری رکھنا چاہتے ہیں جنہوں نے ان کی کامیابی کو سنوارنے میں مدد کی۔
دیگر طلبہ کے لیے ان کا پیغام سادہ ہے کہ ’اپنے پہلے قدم کو کبھی چھوٹا نہ سمجھیں، چاہے وہ کتنا ہی چھوٹا کیوں نہ ہو اور اپنے شوق کو اپنی اصلی طاقت بننے دیں۔‘
اور ان لوگوں کے لیے جو ایک دن عرب ریڈنگ چیلنج کے سٹیج پر کھڑے ہونے کی امید رکھتے ہیں، وہ اپنے تجربے سے یہ بات یاد دلاتے ہیں کہ ’کوئی بھی چیز ناممکن نہیں ہے، میں نے بھی صفر سے آغاز کیا تھا۔‘