پنجاب کے شہر فیصل آباد میں ایک دکان پر سیلز اسسٹنٹ کو تشدد کا نشانہ بنانے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تو پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر لیا۔ تاہم معاملہ اس وقت ایک نئی بحث کا موضوع بن گیا جب پولیس سٹیشن میں ریکارڈ کی گئی ایک ویڈیو سامنے آئی، جس میں متاثرہ خاتون کو ہتھکڑیوں میں جکڑے ملزم کو تھپڑ مارتے دیکھا جا سکتا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بھی یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کی اور اپنے پیغام میں کہا کہ کسی غریب یا کمزور پر ہاتھ اٹھانے والے کو اب جواب کے لیے بھی تیار رہنا چاہیے۔
مزید پڑھیں
یہ پہلا موقع نہیں کہ مریم نواز نے کسی متاثرہ شخص کو ملزم کو تھپڑ مارنے کا موقع دینے کے اقدام کی حمایت کی ہو۔ اس سے قبل لاہور میں ایک سکوٹی سوار خاتون اور پیٹرول پمپ کے ملازم پر تشدد کے واقعات کے بعد بھی اسی نوعیت کی ویڈیوز سامنے آ چکی ہیں۔
مریم نواز کے اس طرزِ عمل کو بعض حلقے طاقتور افراد کے خلاف ایک علامتی پیغام قرار دے رہے ہیں، جبکہ دوسری جانب اس کی قانونی حیثیت اور پولیس کی تحویل میں ملزمان کے ساتھ برتاؤ پر سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔
کیا متاثرہ شخص کو ملزم سے بدلہ لینے کا موقع دینا انصاف کے تقاضوں سے مطابقت رکھتا ہے، یا ریاست کی ذمہ داری یہ ہے کہ وہ قانون کے مطابق کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو عدالت سے سزا دلوائے؟
اگر کوئی کسی غریب یا کمزور پر ہاتھ اٹھاتا ہے تو اب جواب کے لیے بھی تیار رہے۔ کوئی بھی شخص، خواہ وہ کتنا ہی امیر، بااثر یا طاقتور کیوں نہ ہو، اب کسی عام شہری کو دھمکا یا نقصان نہیں پہنچا سکتا۔ وزیر اعلی کمزور اور مظلوم کے ساتھ کھڑی ہوگی اور اختیارات کا ناجائز استعمال کرنے والوں کے خلاف بھرپور کارروائی کرے گی۔ اب امیر کو غریب پر اور طاقتور کو کمزور پر ظلم کرنے کی کھلی چھوٹ نہیں ملے گی۔ حکومت جواب دے گی!
— Maryam Nawaz Sharif (@MaryamNSharif) November 9, 2026
فیصل آباد میں سیلز اسسٹنٹ پر تشدد، ملزم گرفتار
آٹھ نومبر کو فیصل آباد کے کوہ نور پلازہ میں ایک دکان کے مالک اور سیلز اسسٹنٹ کے درمیان تلخ کلامی تشدد میں بدل گئی، جس کی سی سی ٹی وی فوٹیج سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ خاتون دکان کے کاؤنٹر کے پیچھے کرسی پر بیٹھی ہیں کہ اسی دوران ایک شخص انہیں کاؤنٹر کے پیچھے سے گھسیٹ کر نیچے گرا دیتا ہے اور تشدد کا نشانہ بناتا ہے۔
فیصل آباد پولیس نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ سینٹرل پولیس آفیسر تنویر حسین کے نوٹس پر تھانہ مدینہ ٹاؤن پولیس نے خاتون پر تشدد کرنے والے ملزم کو گرفتار کر کے قانونی کارروائی شروع کر دی ہے۔
پولیس کی اس پوسٹ میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی تصویر کے ساتھ انگریزی میں ’نیور اگین‘ (Never Again) بھی لکھا تھا، جس کا مطلب ہے کہ ایسا واقعہ دوبارہ نہیں ہونے دیا جائے گا۔
تاہم اس واقعے نے اس وقت ایک نیا رخ اختیار کیا جب پولیس سٹیشن میں ریکارڈ کی گئی ایک اور ویڈیو منظرِ عام پر آئی۔ اس میں ملزم کے ہاتھ پیچھے کی جانب ہتھکڑیوں سے بندھے ہوئے ہیں اور متاثرہ خاتون اسے تھپڑ مارتی دکھائی دیتی ہیں۔
'تھپڑ کے بدلے تھپڑ'، فیصل آباد میں سیلز گرل پر تشدد کرنے والے ملزم کو تھانے میں متاثرہ خاتون سے جوابی تھپڑ پڑ گئے۔ https://t.co/2xyne4pQe7
— Urdu News (@UrduNewsCom) November 10, 2026
مریم نواز نے نو نومبر کو یہ ویڈیو ایکس پر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ اگر کوئی کسی غریب یا کمزور پر ہاتھ اٹھاتا ہے تو اسے اب جواب کے لیے بھی تیار رہنا چاہیے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ کوئی بھی شخص، خواہ وہ کتنا ہی امیر، بااثر یا طاقتور کیوں نہ ہو، کسی عام شہری کو دھمکا یا نقصان نہیں پہنچا سکتا۔ ان کے مطابق حکومت کمزور اور مظلوم افراد کے ساتھ کھڑی ہوگی اور اختیارات کا ناجائز استعمال کرنے والوں کے خلاف کارروائی کرے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ اب امیر کو غریب پر اور طاقتور کو کمزور پر ظلم کرنے کی کھلی چھوٹ نہیں ملے گی اور حکومت اس کا جواب دے گی۔
لاہور میں سکوٹی سوار خاتون کا واقعہ
فیصل آباد کا واقعہ اپنی نوعیت کا پہلا معاملہ نہیں جس میں پولیس کی تحویل میں موجود ملزم کو متاثرہ شخص کے ہاتھوں تھپڑ مارتے دکھایا گیا ہو اور وزیراعلیٰ پنجاب نے اس عمل کی حمایت کی ہو۔
اس سے قبل اکتوبر میں لاہور کے علاقے مزنگ رنگ روڈ پر سکوٹی سوار ایک خاتون کو مبینہ طور پر ایک موٹر سائیکل سوار نے راستہ روک کر تشدد کا نشانہ بنایا تھا۔
واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں ملزم کو خاتون کو سکوٹی سے گراتے، تھپڑ مارتے اور ان کے بال کھینچتے دیکھا گیا تھا۔
I spoke to the girl myself and told her that she should slap the man as many times as he had slapped her. But she said that, for her, it was enough that the government had made her feel protected, cared for, and assured that justice was on her side.
— Maryam Nawaz Sharif (@MaryamNSharif) October 24, 2026
واقعے کے بعد مریم نواز نے متاثرہ خاتون سے گفتگو کی اور سوشل میڈیا پر بتایا کہ انہوں نے خاتون کو کہا تھا کہ وہ ملزم کو اتنے ہی تھپڑ واپس ماریں جتنے اسے مارے گئے تھے۔
تاہم متاثرہ خاتون نے جواب میں کہا تھا کہ حکومت کی جانب سے انہیں تحفظ اور انصاف کی یقین دہانی ہی کافی ہے۔
بعد ازاں عدالت کی جانب سے ملزم کی ضمانت منظور کیے جانے پر بھی وزیراعلیٰ پنجاب نے سوشل میڈیا پر افسوس کا اظہار کیا تھا۔
پیٹرول پمپ ملازم پر تشدد اور پولیس سٹیشن میں تھپڑ
لاہور ہی میں اکتوبر کے دوران پیٹرول پمپ کے ایک ملازم پر تشدد کا واقعہ بھی سامنے آیا تھا۔
رپورٹس کے مطابق ایک شخص نے سگریٹ نوشی سے منع کرنے پر پیٹرول پمپ کے ملازم کو تھپڑ مارے اور تشدد کا نشانہ بنایا تھا۔
بعد ازاں پولیس کی جانب سے ملزم کی گرفتاری کے بعد سامنے آنے والی ویڈیو میں متاثرہ ملازم کو پولیس سٹیشن میں زیرِ حراست شخص کو تھپڑ مارتے دیکھا گیا۔
مریم نواز نے 23 اکتوبر کو یہ ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر شیئر کی تھی اور اسے ان افراد کے لیے پیغام قرار دیا تھا جو دولت اور طاقت کی بنیاد پر خود کو قانون سے بالاتر سمجھتے ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ انصاف صرف امیر اور طاقتور طبقے کا حق نہیں بلکہ ہر شہری کا بنیادی حق ہے اور کسی شخص کی دولت یا اثر و رسوخ اسے قانون سے بالاتر نہیں کر سکتا۔
ان واقعات کے بعد ایک بار پھر یہ بحث شروع ہو گئی ہے کہ کیا متاثرین کو ملزمان کے خلاف اس طرح ردعمل دینے کا موقع دینا ریاستی انصاف کی علامت ہے یا اس سے قانون کے طے شدہ طریقہ کار پر سوالات اٹھتے ہیں؟
This is a tight slap in the face of those entitled, spoiled brats who look down upon the poor as if they were lesser human beings. They arrogantly believe that money and power put them above the law, allowing them to exploit, intimidate, and act with impunity. Let me make one thing absolutely clear: As Chief Minister of Punjab, I stand firmly with the oppressed, regardless of how powerful their oppressors may be. No amount of wealth, influence, or political connections should enable anyone to escape accountability. Justice is not a privilege reserved for the rich and powerful; it is a fundamental right of every citizen. No one is above the law, and no victim should ever have to fight alone simply because the perpetrator has money or influence.
— Maryam Nawaz Sharif (@MaryamNSharif) October 23, 2026











