Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

چرس سمگل کرنے کی کوشش ناکام

گرفتار ہونے والے ملزم سے تحقیقات جاری ہیں (فائل فوٹو: روئٹرز)
جازان ریجن میں سکیورٹی فورسز نے بڑی مقدار میں چرس سمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی۔ 229 کلو گرام چرس گندم کی بوریوں میں چھپا کرسمگل کی جارہی تھی۔
سعودی عرب کی خبر رساں ایجنسی ’ایس پی اے ‘ کے مطابق وزارت داخلہ میں امور امن عامہ کے ریجنل ڈائریکٹر اطلاعات کرنل احمد الطویان نے بتایا کہ سکیورٹی فورسز کو اطلاع ملی تھی کہ جازان ریجن کی الدائر کمشنری میں بڑی مقدار میں چرس سمگل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔
اطلاع ملنے پر کمشنری میں سکیورٹی سخت کر دی گئی تاکہ منشیات کی تجارت میں ملوث افراد کو رنگے ہاتھوں گرفتار کیا جا سکے۔
امن عامہ کے ریجنل ڈائریکٹر کرنل الطویان نے مزید کہا کہ سکیورٹی اہلکاروں نے ایک ٹرک جس میں گندم کی بوریاں لدی ہوئی تھیں کو روک کر اس کی تلاشی لی تو اس میں چھپائی گئی چرس برآمد ہوئی۔
منشیات کے سمگلرز نے انتہائی مہارت سے چرس کو گندم کی بوریوں میں اس طرح چھپایا تھا کہ اس کے بارے میں معلوم نہیں کیا جا سکتا تھا مگر سکیورٹی اہلکاروں نے ان کی کوشش ناکام بنا دی۔
کرنل الطویان کا کہنا تھا کہ گندم کی بوریاں کھولی گئیں تو ان میں رکھی ہوئی چرس برآمد ہوئی جو 229 کلوگرام تھی۔ چرس سمگل کرنے کے الزام میں ایک سعودی کو بھی گرفتار کیا گیا ہے جس سے مزید تحقیقات جاری ہیں۔

شیئر: