Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’ابشر‘اکاونٹ کی رجسٹریشن میں کی جانے والی غلطیاں

ابشر اکاونٹ کی رجسٹریشن ذاتی موبائل سے کی جائے(فوٹو، سوشل میڈیا)
محکمہ پاسپورٹ کی ڈیجیٹل سروس ’ابشر‘ اکاونٹ  کی رجسٹریشن میں کی جانے والی غلطیوں کے بارے میں جوازات نے صارفین کو ایک بار پھر متنبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک اکاونٹ میں ایک ہی موبائل نمبر درج کیاجائے۔
ایک موبائل نمبر 2 اکاونٹس میں فیڈ کرنے سے رجسٹریشن مکمل نہیں ہوگی جس سے ابشراکاونٹ کام نہیں کرے گا۔ عاجل ویب نیوز نے محکمہ پاسپورٹ کی ابشر سروس کے حوالے سے کیے جانے والے استفسار پر ’جوازات‘ کی جانب سے کی جانے والی وضاحت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ ’ابشر سروس کو فعال کرنے کےلیے لازمی ہے کہ جس شخص کا اکاونٹ بنایا جائے اس کا ذاتی موبائل نمبر جواسی شخص کے نام سے رجسٹرہو درج کیاجائے‘۔
ابشر اکاونٹ کی رجسٹریشن کے حوالے سے ٹوئٹر پر ایک صارف نے دریافت کیا تھا کہ ’ اپنی بہن کے ابشر اکاونٹ میں اپنا موبائل نمبر بھی رجسٹرکرانا چاہتا ہوں کیا ممکن ہے ؟‘

  اقاموں کی تجدید اور دیگر معاملات کے لیے ابشر اکاونٹ لازمی ہے(فوٹو، ٹوئٹر)

استفسار پر جوازات کی جانب سے کہا گیا کہ ’ابشر اکاونٹ کے لیے بنیادی شرط موبائل نمبر کی رجسٹریشن ہے جس شخص کا اکاونٹ ہو گا اسی کے ذاتی موبائل نمبر فیڈ کیاجائے علاوہ ازیں ایک موبائل نمبر دو ابشر اکاونٹ میں فیڈ نہیں کیے جاسکتے اگر ایسا کیا جائے تو اکاونٹ غیر فعال ہو جائے گا‘۔
واضح رہے وزارت داخلہ کی زیر نگرانی محکمہ پاسپورٹ کی جانب سے مملکت میں غیر ملکیوں کے اقاموں کی تجدید اور دیگر معاملات کے علاوہ سعودی شہریوں کے پاسپورٹس اور دیگر سفری معاملات کےلیے جوازات کی جانب سے ڈیجیٹل سروس ’ابشر‘ اور ’مقیم ‘ کی سہولت موجود ہے۔
ابشر سروس میں پہلی بار اکاونٹ بنانے کےلیے جوازات کی جانب سے خود کارمشینیں مختلف مقامات پر نصب کی ہیں جن میں اکاونٹ بنانے والے صارف کی بنیادی معلومات ، فنگر پرنٹ ، چہرے کی شناحت کے علاوہ آنکھوں کی اسکینگ بھی کی جاتی ہے۔
خودکار مشین میں پہلی بار اکاونٹ رجسٹرکرانے کے بعد صارف کے موبائل نمبر پر خصوصی کوڈ ارسال کیاجاتا ہے جس سے ابشر اکاونٹ کو فعال کیاجاسکتا ہے۔
بعض افراد ابشر اکاونٹ کی رجسٹریشن کے وقت موبائل نمبر غلط درج کرتے ہیں یا وہ نمبر انکے اقامے پر رجسٹر نہیں ہوتا اس لیے اکاونٹ فعال نہیں ہوتا جس سے انہیں کافی دشواری کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
جبکہ بعض اوقات فنگر پرنٹ درست طور پر فیڈ نہیں ہوتی یا آنکھوں اور چہرے کی اسکینگ میں مسئلہ ہوتا ہے جس سے اکاونٹ ایکٹو نہیں ہوتا۔

شیئر: