Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نیوزی لینڈ: کورونا کیسز کی تعداد میں اضافہ

امریکہ میں کورونا سے ہلاکتیں ایک لاکھ  70 کے قریب ہیں (فوٹو: اے ایف پی)
دنیا کے زیادہ تر ملکوں میں کورونا کی صورت حال ابھی تک کنٹرول میں نہیں آسکی اور وائرس سے متاثرہ افراد کی کُل تعداد دو کروڑ 14 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے اور سات لاکھ 71 ہزار سے زائد ہلاکتیں ہو چکی ہیں۔
نیوزی لینڈ کے کورونا وائرس کو شکست دینے کے بعد ایک مرتبہ پھر  ملک میں وبا کے پھیلنے کا خدشہ بڑھ رہا ہے جس کے باعث آئندہ ماہ ہونے والے عام انتخابات ملتوی ہوسکتے ہیں۔
خبر رساں ادارے ’روئٹرز‘ کے مطابق نیوزی لینڈ میں اتوار کے روز کورونا وائرس کے 13 نئے کیسز سامنے آئے ہیں جس کے بعد متاثرین کی تعداد 69 تک پہنچ گئی ہے۔
نیوزی لینڈ کے سب سے بڑے شہر آکلینڈ میں گزشتہ ہفتے کورونا کے نئے کیسز میں اضافے کے بعد فوراً لاک ڈاؤن نافذ کر دیا گیا تھا۔
نیوزی لینڈ میں کورونا کے ایکٹو کیسز کی تعداد 69 تک پہنچنے کے بعد حزب اختلاف کی جماعتوں کے انتخابات ملتوی کروانے کے مطالبے کو تقویت مل جائے گی۔ قومی رائے شماری کے نتائج کے مطابق وزیراعظم جسنڈا آرڈرن کی لیبر ہارٹی کے انتخابات میں جیتنے کے امکانات زیادہ ہیں۔
وزیراعظم جسنڈا آرڈرن انتخابات ملتوی کرنے کی مخالفت کر چکی ہیں تاہم وہ اس حوالے سے حتمی فیصلہ پیر تک کر لیں گی۔
نیوزی لینڈ کے وزیر صحت جان ہپکنز کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے ماسک پہننا ایک مرتبہ پھر لازمی قرار دیا جا سکتا ہے۔

اتوار کے روز جنوبی کوریا میں وائرس کے 279 نئے کیسز سامنے آئے (فوٹو اے ایف پی)

نیوزی لینڈ کے ہمسایہ ملک آسٹریلیا کی دو بڑی ریاستیں نیو ساؤتھ ویلز اور ویکٹوریا بھی کورونا کے نئے کیسز سامنے آنے کے بعد ایک مرتبہ پھر وبا کے پھیلاؤ پر قابو پانے کی کوشش کر رہی ہیں۔ اتوار کے روز  ریاست نیو ساؤتھ ویلز میں پانچ جبکہ وکٹوریا میں 279 نئے وائرس کے کیسز رپورٹ کیے گئے ہیں جبکہ 16 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔
دوسری جانب جنوبی کوریا نے مذہبی رہنما پر آئسولیشن کے احکامات کی خلاف ورزی اور ملک میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے حوالے سے تحقیقات میں رکاوٹ  کا الزام عائد کیا ہے۔
اتوار کے روز جنوبی کوریا میں وائرس کے 279 نئے کیسز سامنے آئے ہیں جبکہ جمعے کو سامنے آنے والے نئے کیسز کی تعداد 103 تھی۔ متاثرین میں سے زیادہ تر کا تعلق جنوی کوریا کے دارالحکومت سیول اور گردو نواح کے علاقوں سے ہے۔
جان ہاپکنز یونیورسٹی کے مطابق امریکہ میں کورونا کیسز کی تعداد ساڑھے 53 لاکھ 61 ہزار ہو گئی ہے اور ہلاکتیں ایک لاکھ  70 کے قریب ہیں۔

میکسیکو میں کیسز کی تعداد پانچ لاکھ 11 ہزار سے زیادہ ہو چکی ہے (فوٹو اے ایف پی)

برازیل میں وبا سے اب تک 33 لاکھ 17 ہزار سے زائد افراد متاثر ہوچکے ہیں جبکہ اموات ایک لاکھ سات ہزار سے تجاوز کر گئی ہیں۔
میکسیکو میں کیسز کی تعداد پانچ لاکھ 11 ہزار سے زیادہ ہو چکی ہے اور 56 ہزار 543 ہلاکتیں ہو چکی ہیں۔
انڈیا میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 25 لاکھ 89 ہزار سے زیادہ ہے اور مرنے والوں کی تعداد 49 ہزار 980 ہو گئی ہے۔

شیئر: