Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بارودی سرنگ یمن سے بہہ کر جازان پہنچ گئی

لوگوں نے شہری دفاع کو بارودی سرنگ کی اطلاع دی(فوٹو، سوشل میڈیا)
 جازان ریجن کے شہری دفاع کے ترجمان کرنل محمد الغامدی کا کہنا ہے کہ ’احد المسارحہ‘ کمشنری میں یمن سے سیلابی ریلے کے ذریعہ بہہ کر آنے والی بارودی سرنگ کو ڈی فیوز کردیا گیا۔
ویب نیوز ’سبق‘ نے ریجنل ترجمان شہری دفاع کے حوالے سے کہا ہے کہ باردوی سرنگ سے کسی قسم کاجانی نقصان نہیں ہوا۔ علاقے کےلوگوں نے اطلاع دی تھی کہ پانی میں غیر معمولی چیز دیکھی گئی ہے جو دھماکہ خیز مواد ’بارودی سرنگ ‘ جیسی ہے۔
اطلاع ملتے ہی شہری دفاع کے مخصوص یونٹ فوری طور پر اس مقام پر پہنچ گئے جہاں وہ چیز دیکھی گئی تھی۔ اہلکاروں نے  احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے پانی میں بہہ کرآنے والی بارودی سرنگ کو نکالا اور اسے ڈی فیوز کرنے کے بعد اسلحہ خانے میں پہنچا دیاجہاں اس کا جائزہ لینے پر معلوم ہوا کہ بہہ کر آنے والی دھماکہ خیز سرنگ کو پہاڑی علاقوں میں استعمال کیاجاتا ہے ۔
شہری دفاع کے ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ اہل علاقہ کو خصوصی ہدایات دیتے ہوئے انہیں کہا گیا ہے کہ کسی بھی غیر معمولی چیز کو دیکھیں تو فوری طور پر قانون نافذ کرنے والے ادارے کو مطلع کیاجائے۔
واضح رہے یمن میں ایران نواز حوثی باغیوں کی جانب سے مختلف مقامات پر بارودی سرنگیں نصب کی گئی ہیں۔
چٹانی علاقوں میں مخصوص باردوی سرنگیں بچھائی جاتی ہیں جو دکھنے میں عام پتھر ہی معلوم ہوتے ہیں مگر ان کے اندردھماکہ خیز مواد رکھا جاتا ہے۔

شیئر: